پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان ایک بار پھر گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 9 جون 2023
پی ٹی آئی رہنما کو اس سےقبل عدالت نے رہا کردیا تھا:فوٹو:فائل

پی ٹی آئی رہنما کو اس سےقبل عدالت نے رہا کردیا تھا:فوٹو:فائل

مردان: تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان کو ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا۔

رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان کے وکیل کے مطابق انہیں اینٹی کرپشن کے مقدمے میں گرفتار کرکے تھانہ طوروں منتقل کردیا گیا ہے۔علی محمد خان کومردان کی  انسداد دہشتگردی عدالت سے رہائی کے بعد گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کو رہا کرنے کا حکم

پشاور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز علی محمد خان کو رہا کرنے کاحکم دیا تھا جس کے بعد انہیں انسداد دہشتگردی کے ایک مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ عدالت کی جانب سے آج علی محمد خان کو بری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اگر وہ کسی اور مقدمے میں مطلوب ہیں تو گرفتار کرلیا جائے۔

رہنما تحریک انصاف کو عدالت سے باہر نکلتے ہی اینٹی کرپشن کے مقدمے میں ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا۔ علی محمد خان کو مختلف مقدموں میں مجموعی طور پر پانچ مرتبہ گرفتار کیا جا چکا ہے۔

دریں اثنا عدالت میں پیشی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ پُرامن سیاسی جدوجہد کی بات کی ہے، رولز آف لاء کے ساتھ کھڑے ہیں، لگائے گئے تمام مقدمات کا سامنے کریں گے اور انشاء اللہ آخری جیت قانون کی ہوگی۔

انہوں ںے کہا کہ 9 مئی کو جن لوگوں نے غلط کام کیے انہیں سزا دیں ان میں شرپسندوں کا رول بھی ہے تاہم پوری تحریک انصاف کو چارج شیٹ دینا مناسب نہیں، عمران خان سابق وزیراعظم ہیں اور انہوں نے پونے دو کروڑ ووٹ لیے ہیں، تحریک انصاف مرکزی جماعت ہے چاروں صوبوں میں ووٹ بینک ہے یہ جماعت 9 مئی کو توڑ پھوڑ کرنے والوں کے ساتھ نہیں ہے۔

انہوں ںے کہا کہ  9 مئی کو ملک کا نقصان ہوا ہے لیکن اس کی آڑ میں تحریک انصاف کو سائیڈ لائن کرنا مناسب نہیں، پی ٹی آئی 27 سال سیاسی موومنٹ کا نتیجہ ہے، اانشاء اللہ عمران خان دوبارہ وزیراعظم ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔