سائبر کرائم سرکل نے جنسی ہراسگی میں ملوث ملزم گرفتار کرلیا

ویب ڈیسک  جمعـء 9 جون 2023
ملزم نے خفیہ کیمرے سے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کیں تھی (فوٹو: ٹی وی)

ملزم نے خفیہ کیمرے سے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کیں تھی (فوٹو: ٹی وی)

سائبر کرائم سرکل سکھر نے جنسی ہراسگی میں ملوث ملزم مختیار کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سکھر میں سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے جنسی رہراسگی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم نے اپنے پروڈکشن آفس کے چینجنگ روم میں خفیہ کیمرہ نصب کیا ہوا تھا اور خفیہ کیمرے سے خاتون کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کیں تھی۔

ملزم نے ویڈیوز کی آڑ میں متاثرہ کو بلیک میل کرتے ہوئے ویڈیو کالز پر اکسایا جبکہ ویڈیوز کو واٹس ایپ اور فیس بُک کے ذریعے شیئر کیں، ملزم گزشتہ 6 ماہ سے متاثرہ کو بلیک میل کررہا تھا۔

درخواست گزار خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم نے متاثرہ سے قابل اعتراض ویڈیوز کے عوض بھاری رقوم کا بھی مطالبہ کیا۔

سائبر کرائم سرکل نے ملزم مختیار کو لاڑکانہ سے گرفتار کیا اور ملزم کے موبائل سے قابل اعتراض مواد اور مذکورہ واٹس ایپ اکاونٹ برآمد کر لیا گیا۔ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔