پاکستان کے بغیر ایشیاکپ کا انعقاد 'ٹاپنگ کے بغیر پیزا' جیسا ہے، بھارتی کمنٹیٹر

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 جون 2023
آکاش چوپڑا کا بیان ایشیاکپ کیلئے پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل کو منظوری ملنے کے بعد آیا ہے (فوٹو:ایکسپریس ویب)

آکاش چوپڑا کا بیان ایشیاکپ کیلئے پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل کو منظوری ملنے کے بعد آیا ہے (فوٹو:ایکسپریس ویب)

سابق بھارتی کرکٹر و کمنٹیٹر آکاش چوپڑا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے بغیر ایشیاکپ کا انعقاد ‘ٹاپنگ کے بغیر پیزا’ جیسا ہے۔

یوٹیوب چینل پر سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے کہا کہ ایشیاکپ کے ہائبرڈ ماڈل منظور ہونے اور ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کے بھارت آکر کھیلنے کے فیصلے پر بلکل حیران نہیں ہوں کیونکہ آئی سی سی ایونٹس کو آپ منع نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل پاکستان ایشیاکپ نہ کھیلنے کا فیصلہ کرسکتا تھا اور دوسری ٹیمیں چاہیں تو گرین شرٹس کے بغیر کھیل لیں لیکن ایشیاکپ پاکستان کے بغیر ہونا ایسا ہوتا جیسا ‘ٹاپنگ کے بغیر پیزا’، اس ایونٹ کو کوئی نہیں دیکھتا۔

مزید پڑھیں: ’’پاکستان، بھارت کے میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ میں کیوں نہیں ہیں‘‘

سابق کرکٹر کا بیان ایشیاکپ کیلئے پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل کو ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے باضابطہ منظوری ملنے کے بعد آیا ہے۔

مزید پڑھیں: لکھ لیں! پاکستان ورلڈکپ کیلئے آئے گا لیکن بھارت وہاں نہیں جائے گا، آکاش چوپڑا

ٹورنامنٹ، جو 31 اگست سے 17 ستمبر کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان میں 4 میچ کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل سمیت 9 میچز سری لنکا میں کھلیں جائیں گے۔ بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال سمیت کل چھ ٹیمیں کل 13 ون ڈے میچوں میں حصہ لیں گی۔

قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سیکیورٹی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کو ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔