سندھ کے ذمے واپڈا کے 56 ارب روپے نہیں درحقیقت وفاق صوبے کا مقروض ہے، شرجیل میمن

ویب ڈیسک  بدھ 30 اپريل 2014
پرویز مشرف کی کراچی میں موجودگی سے لگتا ہے سب طے پا گیا ہے اور دونوں میں ڈیل طے پاگئی ہے، شرجیل میمن فوٹو: فائل

پرویز مشرف کی کراچی میں موجودگی سے لگتا ہے سب طے پا گیا ہے اور دونوں میں ڈیل طے پاگئی ہے، شرجیل میمن فوٹو: فائل

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہاہے کہ سندھ کے ذمے واپڈا کے 56 ارب روپے کے بقایا جات میں کوئی صداقت نہیں درحقیقت وفاق سندھ کا مقروض ہے۔  

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک کابڑامسئلہ دہشت گردی ہے، یوم شہدا ء پردفاع وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کراچی میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے امن و امان کی صورتحال پر کافی حد تک قابو پالیا ہے۔ پولیس ہی کی وجہ سے شہر اسٹریٹ کرائم میں بھی کمی آئی ہے تاہم اب بھی سندھ دہشت گردوں کا نشانہ ہے اور یہاں پولیس افسران پر حملے کئے جارہے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ ن لیگ کے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، وفاقی حکومت لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ تو نہیں کرسکی مگر ملک سے بجلی ضرور ختم کردی ہے ۔ صورت حال یہ ہے کہ سندھ کے دیہات میں 20 ،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔  وزیر مملکت بجلی و پانی عابد شیرعلی کی جانب سے بجلی کی مد میں 56 ارب روپے کے واجبات کا واویلا مفروضوں پرمبنی ہے۔ ہمیں جو بل دیئے گئے ہیں اس میں واپڈا کی بڑی نااہلی سامنے آئی ہے،لائن لاسز کی سزا عوام کو دی جارہی ہے۔ درحقیقت وفاقی حکومت سندھ کو اس کا حصہ نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ  وفاقی حکومت اپنے خلاف خود سازش کر رہی ہے، پرویز مشرف کی کراچی میں موجودگی سے لگتا ہے سب طے پا گیا ہے اور دونوں میں ڈیل طے پاگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔