کس ہالی وڈ اداکار کی نقل پر نوازالدین صدیقی کو انوراگ کشیپ سے ڈانٹ پڑی
’گینگز آف واسع پور‘ انوراگ کشیپ کا ایک ماسٹر پیس سمجھا جاتا ہے جس نے منوج باجپائی کو راتوں رات اسٹار بنا دیا تھا
بالی وڈ انڈسٹری کے نامور اداکار نوازالدین صدیقی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ہالی وڈ اداکاروں ال پچینو اور رابرٹ ڈی نیرو کے بہت بڑے مداح ہیں اور ایک زمانے میں ان کے اسٹائل کو کاپی کرتے تھے۔
ایک تازہ انٹرویو میں اداکار نے بتایا کہ ال پچینو اور رابرٹ کی کاپی نے ایک دن ان کو مشکل میں ڈال دیا اور فلمساز انوراگ کشیپ سے انہیں بھرپور ڈانٹ سننے کو ملی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ 'گینگز آف واسع پور' کے سیٹ پر ال پچینو کے اسٹائل میں جاتے اور اسی کی طرح گفتگو کرنے کی کوشش کیا کرتے تھے جس پر ایک دن فلمساز نے انہیں جھاڑ پلادی۔
نوازالدین صدیقی کے مطابق انوراگ نے ان پر غصہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ لیجنڈری اداکار کو کچھ زیادہ ہی کاپی کررہے ہیں جو درست نہیں ہے۔
اداکار کے مطابق اس ڈانٹ سے وہ پوری رات سو نہیں سکے لیکن جب وہ اگلی صبح سیٹ پر گئے تو مکمل طور اپنے نیچرل انداز میں ہوگئے تھے۔
'گینگز آف واسع پور' انوراگ کشیپ کا ایک ماسٹر پیس سمجھا جاتا ہے جس نے منوج باجپائی کو راتوں رات اسٹار بنا دیا اور متعدد نئے چہروں کو انڈسٹری میں متعارف کرایا۔