شاہ رُخ خان امریکا میں حادثے کا شکار ناک کی سرجری کر دی گئی
کنگ خان امریکہ میں شوٹنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوئے
بالی ووڈ کے سُپر اسٹار شاہ رُخ خان حادثے کا شکار ہوگئے انہیں فور طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی ناک کی سرجری کی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کنگ خان امریکا کے شہر لاس اینجلس میں اپنے آنے والے پراجیکٹ کی شوٹنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوکر زخمی ہوگئے اور ان کی ناک سے خون بہنے لگا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اداکار کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی ناک کی سرجری کی گئی۔
رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹرز نے اداکار کی ٹیم کو بتایا کہ فکر کی کوئی بات نہیں ہے خون روکنے کیلئے ناک کی ایک معمولی سرجری کی گئی ہے اور اب وہ بہتر ہیں۔
شاہ رُخ خان امریکا سے واپس انڈیا لوٹ چکے ہیں انہیں ناک پر پٹی کے ساتھ ممبئی میں دیکھا گیا تاہم کنگ خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
یاد رہے کہ شاہ رُخ خان جلد اپنی نئی فلم جوان کے ساتھ ایک مرتبہ پھر سلور اسکرین پر نظر آئیں گے، اداکار آخری مرتبہ فلم پٹھان میں جلوہ گر ہوئے تھے جس نے ریکارڈ بزنس کیا تھا۔