لاہورمیں بارش کے باعث مختلف حادثات میں 9 افراد زخمی

تمام زخمیوں کو لاہور جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ریسکیو حکام


ویب ڈیسک July 08, 2023
—فوٹو: ریسکیو

لاہور کے شاہدرہ ٹاؤن اور اظہر ٹاؤن میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں کم از کم 9 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق تمام زخمیوں کو لاہور جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ متاثرین میں 45 سالہ افضل ملک، 35 سالہ سونیا افضل، 36 سالہ غلام عباس، 30 سالہ تانیہ عباس، 7 سالہ کنیز فاطمہ، 4 سالہ دعا فاطمہ، 18 سالہ سعدیہ، 13 سالہ عالیہ اور 13 سالہ آمنہ پرویز شامل ہیں۔

علاوہ ازیں رواں ماہ ملک بھر میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور چھتوں اور دیواروں کے گرنے سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 50 ہو گئی، گزشتہ روز پنجاب میں بارش کے باعث مختلف واقعات میں کم از کم 6 مزید اموات کی اطلاع موصول ہوئی تھیں۔

رواں ہفتے کے اوائل میں صوبائی دارالحکومت میں شدید بارش کے نتیجے میں صورتحال اس وقت نازک ہو گئی جب کینال روڈ سے پانی اوور فلو ہو کر نشیبی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہو گیا۔

مغل پورہ، گارڈن ٹاؤن، مسلم ٹاؤن موڑ، گلبرگ اور جوہر ٹاؤن کے علاقوں میں پانی داخل ہونے لگا۔ بارش کے پانی کی وجہ سے اس کی سطح بلند ہونے سے نہر میں بہاؤ بڑھ گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے