جان خطرے میں ڈال کر سیلاب میں پھنسے کتے کو بچانے کی ویڈیو وائرل

چندی گڑھ فائر بریگیڈ نے سیلابی ریلے میں پھنسے بے زبان جانور کو بہت مشکل سے بچایا ہے


ویب ڈیسک July 15, 2023
فائربریگیڈ کے عملے نے سیلابی ریلے میں پھنسے پلے کو جان پر کھیل کر بچایا ہے جس کی ویڈیو بہت مقبول ہورہی ہے۔

انٹرنیٹ پر تیزی سے مقبول ہوتی ہوئی ایک غیرمعمولی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ فائربریگیڈ کے عملے نے سیلابی ریلے میں پھنسے ایک کتے کو بھرپور کوشش کے بعد بچالیا ہے۔ اس کام کے لیے خود بہادرشخص نے اپنی جان کی پرواہ نہیں کی تھی۔

یہ ویڈیو چندی گڑھ کے ایک پل کی ہے جسے سب سے پہلے چندی گڑھ پولیس نے ٹویٹر پر شیئر کیا ہے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر اسے بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا ہے اور لوگ اس عمل کی داد دے رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فائربریگیڈ کے عملے نے بہت صبر اور ہمت سے اس بے زبان کو بچایا ہے۔



یہ ایک پلا ہے جو چندی گڑھ میں کھوڈا لاہور پل کے نیچے تیز پانی میں پھنسا ہوا تھا۔ اچانک اس پر فائربریگیڈ کے ایک شخص کی نظر پڑی اور اس نے کتے کو بچانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے لیے عملے نے سیڑھی لٹکائی اور اس سے نیچے اترکر بحفاظت کتے کو اپنی گرفت میں لیا اور اوپر لے آیا۔

ایک صارف نے اس ویڈیو پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک 'شاندار' عمل ہے۔ 10 جولائی کو پوسٹ کی گئی اس ویڈیو کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں۔ لوگوں کے بڑی تعداد نے انسانیت بھرے اس عمل کو سراہا ہے۔

مقبول خبریں