کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش؛ متعدد علاقوں میں بجلی غائب

ویب ڈیسک  اتوار 23 جولائی 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: خلیج بنگال سے بھارت گجرات کے راستے مشرقی سندھ میں داخل ہونے والا مون سون سسٹم اتوار کو ہلکی و درمیانی بارش کا سبب بنا، کچھ مقامات پرتیز بارش بھی ہوئی، سب سے زیادہ سرجانی ٹاون میں 20 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ بارش کا سلسلہ 26 جولائی تک برقرار رہ سکتا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق بارش کا سلسلہ بیک وقت کلفٹن اور شہر کے مضافاتی علاقوں سے شروع ہوا،جس کے بعد گلشن اقبال،حسن اسکوائر ، نارتھ کراچی،بہادرآباد،لیاقت آباد،کراچی ائیرپورٹ،اولڈ سٹی ایریا ، کلفٹن ، سولجر بازار میں بارش ہوئی۔ علاوہ ازیں بارش شروع ہونے کے ساتھ ہی متعدد علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا آغاز ہوگیا۔

موسمیات کی جانب سے شہرمیں 3 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بارش کے جاری اعداد و شمارکے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 20 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی،قائد آباد میں 10.5 ملی میٹر،نارتھ کراچی میں 8.7 ملی میٹر، اورنگی ٹاون میں 7.2ملی میٹر، ناظم آباد میں 6 ملی میٹر، پی اے ایف مسرور پر 5 ملی میٹر،گلشن معمار میں 5 ملی میٹر،گلشن حدید میں 4ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

ارلی وارننگ سینٹر کی جاری پیش گوئی کے مطابق سندھ اور ملک کے مشرقی حصوں میں مون سون کا سلسلہ شدت کے ساتھ جاری ہے،پیر اور منگل کو بھی وقفے وقفے سے شہرمیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 تا 26 جولائی تک دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے، بارش کے دوران آندھی چلنے سے کمزور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔