سویڈن اور ڈنمارک کے سفیروں کو اسلام آباد سے نکالا جائے، سراج الحق

ویب ڈیسک  پير 24 جولائی 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے سویڈن اور ڈنمارک کے سفیروں کو اسلام آباد سے نکالنے کا مطالبہ کردیا۔

لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ یورپ میں ایک ماہ کے دوران قرآن کریم کی بے حرمتی کے تین واقعات ہوئے ہیں۔ اللہ کی آخری کتاب کو سرکاری سرپرستی میں جلایا گیا۔

سراج الحق نے کہا شعائر اسلام کی توہین کرکے مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔ مغرب دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔ مغرب بقائے باہمی کے فروغ کے لیے جنونیوں کے خلاف کارروائی کرے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت جاتے جاتے عوام پر ڈرون حملے کر رہی ہے۔ قوم الیکشن میں حکمران جماعتوں کا محاسبہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے غلاموں کی جانب سے عوام پر جرمانہ قبول نہیں، بجلی کے ٹیرف میں اضافہ واپس لیکر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔