یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے بھائی انتقال کرگئے

ویب ڈیسک  جمعرات 27 جولائی 2023
شیخ سعید بن زاید آل نہیان 22 جولائی سے اسپتال میں داخل تھے؛ فوٹو: فائل

شیخ سعید بن زاید آل نہیان 22 جولائی سے اسپتال میں داخل تھے؛ فوٹو: فائل

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے بھائی شیخ سعید بن زاید آل نہیان انتقال کر گئے۔ وہ ابوظہبی کے حکمران کے نمائندے بھی تھے۔ 

عرب میڈیا کے مطابق امارات ابوظہبی کے حکمران کے نمائندے اور صدر یو اے ای شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے 58 سالہ بھائی مختصر علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کرگئے۔

شیخ سعید بن زید آل نہیان کے انتقال کرجانے کی خبر کی تصدیق ان کے بھائی شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے بھی کی اور ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا جس کے دوران اماراتی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ 22 جولائی کو سرکاری سطح پر اطلاع دی گئی تھی کہ شیخ سعید بن زاید آل نہیان علیل ہیں اور اسپتال میں زیرعلاج ہیں تاہم ان کے مرض سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا تھا۔

شیخ سعید بن زاید آل نہیان کو جون 2010 میں ابوظہبی کے حکمران کا نمائندہ مقرر کیا گیا تھا۔ وہ ایگزیکٹو کونسل کے سابق رکن اور میری ٹائم پورٹ اتھارٹی ابوظہبی کے چیئرمین کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔