مصنوعی ذہانت سے بنائے گئے ریویوز گوگل پالیسی کے خلاف قرار

ویب ڈیسک  پير 31 جولائی 2023

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنی نئی پالیسی میں کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت سے بنائے گئے ریویوز کمپنی کی پالیسیوں کے خلاف ہیں جن کی اجازت نہیں اور ان کو اسپیم تصور کیا جاتا ہے۔

گوگل کے مطابق اگر صارفین ایسا کونٹینٹ دیکھیں تو اپنی فیڈ میں موجود is_spam  نامی فیچر کی مدد سے اس کی نشان دہی بطور اسپیم کریں۔

گوگل کی جانب سے جاری کردہ نئی پالیسی کے مطابق آٹو میٹڈ کونٹینٹ کے حوالے سے کہا گیا کہ کمپنی آٹومیٹڈ پروگرام یا مصنوعی ذہانت سے بنائے گئے ریویوز کی اجازت نہیں دیتی، اگر کوئی صارف ایسے کونٹینٹ کی نشان دہی کرے تو is_spam فیچر استعمال کرتے ہوئے اسپیم مارک کرے۔

تنقیدی جائزے کی اشاعت کو صاف اور مؤدبانہ رکھنے کے لیے گوگل کی پالیسی شر انگیز، نازیبا اور توہین آمیز زبان کے استعمال سے روکتی ہے۔

جاری کی جانے والی پالیسی میں ایسے ریویوز جمع کرانے سے منع کیا گیا ہے جن میں مفاد کا تصادم یا غیر مصدقہ رائے شامل ہو، ان تبصروں میں پیسے کے عوض، ملازمین کے لکھے گئے یا کسی شے میں وسیع مفاد رکھنے والے افراد کے لکھے گئے تبصرے بھی شامل ہیں۔

غیر قانونی کونٹینٹ، بشمول نقصان دہ لنک یا وہ لنک جو میلویئر، وائرس یا نقصان دہ سافٹ ویئر سے تعلق رکھتے ہوں وہ سختی سے منع ہیں۔

گوگل کی جانب سے اَپ ڈیٹ کی گئی مصنوعی ذہانت اور آٹو میٹڈ کونٹینٹ کی پروڈکٹ ریٹنگ پالیسیز 28 اگست 2023ء سے نافذ العمل ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔