پرویز الہی کو عدالت نہ لانے پر سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پنجاب پر جرمانے کا حکم معطل

ویب ڈیسک  منگل 1 اگست 2023
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: پرویز الہی کو عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ کرنے پر ماتحت عدالت کی جانب سے ہوم سیکریٹری، آئی جی پنجاب اور آئی جیل خانہ جات پر جرمانے اور شوکاز نوٹس کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ نے معطل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالتی حکم کے باوجود پرویز الہٰی کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر لاہور ہائی کورٹ میں چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے میں تین اعلی سرکاری افسران پر جرمانے کے فیصلے کے خلاف حکومت اپیل پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ہوم سیکریٹری، آئی جی پنجاب اور آئی جیل خانہ جات پر جرمانے اور شوکاز نوٹس کا فیصلہ معطل کردیا۔

ماتحت عدالت نے پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے پر ہوم سیکرٹری، آئی جی پنجاب اور آئی جی جیل کی تنخواہ بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے تینوں افسران پر 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔

عدالت کے جج جسٹس راحیل کامران شیخ نے حکومتِ پنجاب کی اپیل پر سماعت کی۔ حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب غلام سرور نہنگ پیش ہوئے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پولیس نے پرویز الہی کو بینکنگ عدالت کے روبرو پیش نہ کیا، عدالت نے پرویز الہی کو اجازت کے بغیر راولپنڈی جیل منتقل کرنے پر تین افسران کو پچاس پچاس ہزار روپے جرمانہ کردیا، عدالت نے آئی جی پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات اور ہوم سیکریٹری کی تنخواہ بند کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے پرویز الہی کو عدالتی احکامات کے باوجود پیش نہ کرنے پر تںخواہ بند کرنے کا حکم دیا، عدالت نے تین افسران کو شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا۔

سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ عدالت تینوں افسران کو کیے گیے جرمانہ کو کالعدم قرار دے، عدالت ان فسران کی تنخواہوں کو روکنے کا حکم کالعدم قرار دے، عدالت ان افسران کو دیے گئے شوکاز پر عمل درآمد معطل کرے کیوں کہ ایف آئی اے نے نامکمل چالان عدالت میں پیش کررکھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔