سرینا ولیمز نے اپنے ہاں دوسرے متوقع بچے کی جنس کا انکشاف کردیا

ویب ڈیسک  منگل 1 اگست 2023
 فوٹو : اے ایف پی

فوٹو : اے ایف پی

امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے اپنے ہاں متوقع دوسرے بچے کی جنس کا اعلان کردیا۔

41 سالہ سرینا ولیمز نے اپنے یوٹیوب چینل پر منگل کو ایک تقریب کی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے ہاں متوقع ننھے مہمان کی جنس کا اعلان کیا۔ انہوں نے مئی میں دوسری مرتبہ حاملہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔

سرینا ولیمز اور انکے شوہر الیکسس اوہانیان پہلے ہی ایک پانچ سالہ بچی اولمپیا الیکسس کے والدین ہیں اور اب انکے ہاں ایک اور بیٹی کی پیدائش متوقع ہے۔

جینڈر ریویل پارٹی سے پہلے جوڑے نے دن کے وقت ایک بیبی شاور منعقد کیا جس میں سرینا ولیمز نے گلابی اور سفید دھاری والے اسکرٹ کے ساتھ سفید ٹی شرٹ پہن رکھی تھی۔

اس تقریب میں سرینا اور انکے شوہر کے قریبی فیملی ممبرز اور دوست شریک ہوئے جنہوں نے نئے بچے کی متوقع آمد پر جوڑے کو مبارکباد اور تحائف پیش کیے۔

بچے کی جنس کا اعلان آسمان پر ڈرون کے ذریعے روشنی کرکے It’s a Girl کے الفاظ کے ساتھ کیا گیا۔

واضح رہے سرینا ولیمز اب تک اپنے کیریئر میں 23 گرینڈ سلم سنگل ٹائٹل جیت چکی ہیں۔ سرینا ولیمز ویمبلڈن اور آسٹریلین اوپن میں 7,7 بار ٹائٹل جیتنے والی واحد کھلاڑی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔