ورلڈ اسنوکر چیمپئین کو لاہور پولیس نے حوالات میں بند کردیا، تصویر وائرل

ویب ڈیسک  جمعرات 3 اگست 2023
کلب سے لے جاتے ہوئے پولیس اہلکار گالیاں دیتے رہے، احسن رمضان (فوٹو: ایکسپریس ٹی وی)

کلب سے لے جاتے ہوئے پولیس اہلکار گالیاں دیتے رہے، احسن رمضان (فوٹو: ایکسپریس ٹی وی)

ورلڈ اور ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے والے احسن رمضان کو لاہور پولیس نے حراست میں لیکر حوالات بند میں کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن پولیس نے کلب تاخیر سے تک کھلا رکھنے پر چھاپہ مارا اور نیشنل چیمپئن شپ کی پریکٹس میں مصروف عالمی چیمپئین کو گرفتار کرکے تھانے لے گئی۔

لاہور کی قابل پولیس نے ورلڈ چیمپین کی بیلٹ اتروا کر اس سے 15 منٹ تک حوالات میں بند رکھا جبکہ احسن رمضان کی حوالات کے باہر بیلٹ پہنتے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے احسن رمضان نے ایشین انڈر21 اسنوکر چیمپئین شپ جیت لی

دوسری جانب احسن رمضان نے بتایا کہ کلب سے لے جاتے ہوئے پولیس اہلکار گالیاں دیتے رہے بیلٹ اتروا کےحوالات میں بند کردیا، پولیس اہلکاروں کو بتایا کہ میں ورلڈ چیمپین ہوں جس پر اہلکاروں نے جواب دیا کہ ہمارے اوپر کون سا احسان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ اپنے ملک کا نام روشن کرنے کے لیے کوشش کی اور کامیاب بھی ہوا، مجھے کیا پتہ تھا میرے ملک میں ہی مجھے ذلیل و رسوا کیا جائے گا۔ پاکستان میں پولیس جو چاہے وہ کر سکتی ہے اس بات کا اج مجھے یقین ہوگیا، حوالات سے ایک دوست کے آنے پر 15 سے 20 منٹ بعد رہائی ملی۔

مزید پڑھیں: انٹرنیشنل اسنوکر کھلاڑی ماجد علی نے خود کشی کرلی

ورلڈ چیمپئین احسن رمضان نے وزیراعظم اور نگران وزیراعلی سے اس کی انکوائری کروانے کا مطالبہ کردیا۔

اسنوکر کلب پر پولیس ریڈ کے دوران ورلڈ سنوکر چیمپئین احسن رمضان سے بدسلوکی کے معاملے پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئندہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔