دریائے ستلج میں کشتی اُلٹ گئی، 6 افراد لاپتا، 33 کو بچا لیا گیا، بچہ جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعـء 4 اگست 2023
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

اوکاڑہ: دریائے ستلج میں رات گئے کشتی الٹنے کے واقعے میں 33 افراد کو بچا لیا گیا جب کہ ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔

حکام کے مطابق دریائے ستلج میں جسو کی کے مقام پر دریا عبور کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ایک کشتی کے حادثہ میں ایک بچہ جاں بحق ہوا ہے جب کہ 33 افراد کو بچا لیا گیا ہے اور دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں بچائے جانے والے 33مرد و خواتین کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو کیے جانے والے افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

متاثرہ کشتی میں 40 افراد سوار تھے، جن میں سے 8 کا تعلق ضلع اوکاڑہ اور 32 کا ضلع بہاول نگر سے ہے۔ جائے وقوع پر مقامی انتظامیہ کے افسران اور امدادی اہل کار موجود ہیں اور لاپتا افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق  لاپتا افراد کو بچانے کا آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج سمیت انتظامیہ کی امدادی ٹیمیں ریسکیو کارروائی میں شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔