جنوبی کوریا؛ہم جنس پرست جوڑے کو بچے کی پیدائش کیلیے بیلجیئم جانا پڑا

ویب ڈیسک  جمعـء 4 اگست 2023
سیروگریسی کے ذریعے ہم جنس پرست جوڑا کے بچے کی پیدائش اگلے ماہ متوقع ہے، فوٹو: اے ایف پی

سیروگریسی کے ذریعے ہم جنس پرست جوڑا کے بچے کی پیدائش اگلے ماہ متوقع ہے، فوٹو: اے ایف پی

سیئول: جنوبی کوریا کے ہم جنس پرست جوڑے نے 2019 میں امریکا میں شادی کی تھی اور اب وہ سیروگریسی کے ذریعے بچے کی پیدائش کے لیے بیلجیئم پہنچ گئے کیوں کہ جنوبی کوریا میں ہم جنس پرستوں کی شادی اور بچے پیدا کرنے کی قانونی اجازت نہیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کی ہم جنس پرست کِم سائے یون سیروگریسی کے ذریعے 8 ماہ کی حاملہ ہیں۔ ان کی پارٹنر کِم کیو جن نے اس پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ بچے کی پیدائش وہ اپنے آبائی علاقے میں کرانا چاہتے ہیں۔

8 ماہ کی حاملہ سائے یون نے کہا کہ جنوبی کوریا میں جو لوگ روایت سے ہٹ کر والدین بننے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں بہت زیادہ تکلیف دہ تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہم پر بھی لوگ تنقید کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ کچھ لوگوں کو بچے ہونے ہی نہیں چاہئیں۔

سائے یون نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قدامت پسند جنوبی کوریا میں ان روایتوں کو توڑا جائے اور یہ سمجھایا جائے کہ ایک بچے کے ماں باپ، ہمیشہ کوئی خاتون اور مرد ہی ہوں، ایسا ہونا ضروری نہیں۔

کِم سائے یون کی پارٹنر کیو جن نے کہا کہ ہمارے رشتے سے واقف دوستوں کا  خیال تھا کہ ہم دونوں کو اپنی زندگی میں اولاد نہ ہونے کی کمی کو دور کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا سہارا لینا چاہیے۔

جوڑے کا مزید کہنا تھا اس لیے ہم نے یہ قدم اُٹھایا اور بیلجیئم میں ڈونر اسپرم کے ذریعے اولاد ہونے کی خوشی سے محظوظ ہو رہے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔