پاکستانی ٹیم اسٹریٹ چائلڈ فٹبال کپ کے فائنل میں پہنچ گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 4 اگست 2023
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

ناروے فٹبال کپ میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم فائنل میں پہنچ گئی، فائنل ہفتے کی شب کھیلا جائے گا جس میں قومی ٹیم کا مقابلہ سولا فٹبال کلب سے ہوگا۔

ناروے کے شہر اوسلو میں جاری ناروے کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کا مقابلہ بریمنز ناروے کلب سے تھا، سیمی فائنل میں 17 سال سے کم عمر پاکستانی کھلاڑیوں نے زبردست پرفارمنس دیتے ہوئے حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔ ہاف ٹائم پر پاکستان کو ایک گول کی سبقت حاصل تھی،  یہ گول عابد علی نے کیا تھا۔

دوسرے ہاف میں عبدالوہاب نے ایک اور گول کرکے پاکستان کی جیت پر مہر لگادی، مدمقابل ٹیم کوئی گول نہ کرسکی۔ یہ پاکستانی ٹیم کی لگاتار ساتویں میچ میں کامیابی ہے۔ فائنل پاکستان اور سولا فٹبال کلب کے درمیان یفتے کو کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم کی ناروے کپ میں مسلسل دوسری کامیابی

قبل ازیں پاکستانی ٹیم نے سینڈویکن کے خلاف  دو صفر  سے فتح پاکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ قومی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے اور  کھلاڑی فائنل میں بھی جیت کے لیے پرعزم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔