تھائی لینڈ میں ٹرین نے پٹری عبور کرتے ٹرک کو روند ڈالا؛ ہلاکتیں

ویب ڈیسک  جمعـء 4 اگست 2023
ٹرک پر شکار کی ہوئی مچھلیاں لدی ہوئی تھی اور چند ماہی گیر بھی سوار تھے؛ فوٹو: فائل

ٹرک پر شکار کی ہوئی مچھلیاں لدی ہوئی تھی اور چند ماہی گیر بھی سوار تھے؛ فوٹو: فائل

بنکاک: تھائی لینڈ میں ایک تیز رفتار ٹرین نے ٹرک کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرین اور ٹرک کے درمیان ٹکراؤ صوبے چاچونگ ساؤ کے ایک پھاٹک پر ہوا۔ ٹرک پر شکار کی گئی مچھلیاں لدی ہوئی تھی جو پٹری پر ہر طرف بکھر گئیں۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ ریلوے کراسنگ پر ٹرین نے اپنی موجودگی کے لیے کئی بار ہارن بجائے لیکن ٹرک ڈرائیور اسی مغالطے میں رہا کہ وہ ٹرین کے پہنچنے سے پہلے پٹری عبور کرلے گا۔

ٹرک پر ماہی گیر بھی سوار تھے۔ ٹرین کی ٹکر سے ہلاک ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ ایک نوجوان نے ٹرین کو نزدیک آتا دیکھ کر ٹرک سے چھلانگ لگادی تھی وہ شدید زخمی ہے۔

یاد رہے کہ تھائی لینڈ دنیا کی سب سے مہلک اور ہلاکت خیز سڑکوں کی فہرست میں کئی سال سے سرفہرست آرہا ہے۔یہاں جان لیوا حادثات عام ہیں جس کی وجوہات میں تیز رفتاری، نشے میں ڈرائیونگ کرنا اور قانون کے نفاذ کا نہ ہونا شامل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔