جولائی میں معمول سے 70 فیصد زائد بارشیں ہوئیں، محکمہ موسمیات

ویب ڈیسک  جمعـء 4 اگست 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: محکمہ موسمیات  نے کہا ہے  کہ ملک بھر میں جولائی کے مہینے میں معمول سے 70  فیصد  زائد بارشیں ہوئیں۔ 

محکمہ موسمیات نے یکم جولائی سے 31 جولائی تک ملک بھر میں ہونے والی مون سون بارشوں کےاعداد و شمار جاری  کردیے۔  محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جولائی میں معمول سے 70 فیصد زائد بارشیں ہوئیں جبکہ  جولائی کے دوران ملک بھر میں اوسطاً 107.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں جولائی کی معمول کی اوسط بارش 63.3 ملی میٹر ریکارڈ ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں گلگت بلتستان میں معمول سے 233 فیصد زائد (  44.3 ملی میٹر ) بارش ہوئی، گلگت بلتستان میں جولائی کی معمول کی اوسط بارش کا ریکارڈ 13.3 ملی میٹر ہے۔

سندھ میں معمول سے 143 فیصد زائد ( 146 ملی میٹر) بارش ہوئی،  سندھ میں جولائی کی معمول  کی بارش کا اوسط  60.2ملی میٹر ہے۔

جولائی میں بلوچستان میں معمول سے 111فیصد زائد (62.7  ملی میٹر ) بارش ہوئی،  اس مہینے میں بلوچستان میں اوسطاً 29.7 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  جولائی میں پنجاب میں معمول سے 47 فیصد زائد ( 152.8ملی میٹر )  بارش ہوئی جبکہ اس مہینے میں اوسطاً 104 ملی میٹر بارش پڑتی ہے۔

جولائی میں آزاد جموں وکشمیر میں معمول سے 31 فیصد زائد  ( 227.7 ملی میٹر) بارش ہوئی،  جبکہ یہاں جولائی میں بارش کا اوسط 173.9 ملی میٹر ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق  جولائی میں خیبرپختونخوا میں معمول سے 19فیصد زائد ( 127.2 ملی میٹر ) بارش ہوئی، جولائی میں خیبرپختونخوا میں 106.7 ملی میٹر اوسط بارش ہوتی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔