گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کا مکروہ دھندا کرنے والا گروہ گرفتار

ویب ڈیسک  پير 7 اگست 2023
پکڑے گئے ملزمان پولیس کی تحویل میں موجود ہیں (فوٹو: ایکسپریس )

پکڑے گئے ملزمان پولیس کی تحویل میں موجود ہیں (فوٹو: ایکسپریس )

 لاہور: پولیس نے گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کا مکروہ دھندا کرنےو الے ریکٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملوث ڈاکٹروں سمیت دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ 

ڈی ایس پی سول لائن راشد امین بٹ نے  پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزمان  ڈاکٹر ثاقب خان ، ڈاکٹرطارق محمود اور ڈاکٹر ارشد کڈنی ٹرانسپلانٹ کے سیٹ اپ کے مالک ہیں، ڈاکٹر ثاقب اس گروہ کا سرغنہ ہے اور  قبل ازیں بھی اس غیر قانونی دھندے میں ملوث رہا اور سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے۔

ڈی ایس پی سول لائن کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد آصف ، شاہد عباس ، طارق نذیر، اسامہ علی ، عمر جرار، محمد امتیاز، ریاض احمد اور ارسلان بھی شامل ہیں۔

ملزمان نے 3  شہریوں اظہر ،سانول اور صبا کے گردے بھی نکالے ، ملزمان نے حال ہی میں دو غیرملکیوں میں گردوں کی پیوندکاری کی  تھی،  چھاپے کے دوران یہ دونوں غیرملکی موقع پر موجود تھے جن کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈی ایس پی سول لائن نے بتایا کہ ملزمان سےموقع پراعضا کی تبدیلی  سے متعلق تمام مشینری وآپریشن تھیٹر کے آلات ، غیر قانونی ادویات اور 4 عدد گاڑیاں برآمد  کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بقیہ ملزمان کی گرفتاری کیلیے سی آئی اے کی ٹیمیں مختلف جگہوں پر چھاپے مار رہی ہیں۔

اس موقع پر ایس ایس پی کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا کہ پولیس پراسیکیوشن پارٹنرشپ کی مدد سے ملزمان کو سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔