نگراں وزیراعلیٰ سندھ کیلیے متحدہ اور جی ڈی اے نے نام دے دیے

اسٹاف رپورٹر  پير 7 اگست 2023
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

کراچی: نگراں وزیراعلی سندھ کے لیے اپوزیشن جماعتوں ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کے درمیان ناموں پر مشاورتی عمل جاری ہے، ایم کیو ایم نے تین اور جی ڈی اے نے سات نام پیش کردیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کی جانب سے غور کیے جانے والے نام سامنے آگئے، ایم کیو ایم کی جانب سے شعیب صدیقی اور یونس ڈھاگا کے ناموں پر غور کیا گیا جبکہ جی ڈی اے کی جانب سے ایم کیو ایم کو 7 ناموں کی فہرست فراہم کی گئی ہے اور اب دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت کا عمل جاری ہے۔

جی ڈی اے کی جانب سے ڈاکٹر صفدر عباسی، غلام مرتضی جتوئی، فضل اللہ قریشی اور رحمت جعفری کے نام ایم کیو ایم کو دئیے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ فضل اللہ قریشی سابق بیورو کریٹ اور رحمت جعفری سابق جج ہیں، شعیب صدیقی سابق کمشنر کراچی اور مختلف اداروں میں سیکریٹری کے عہدے پر ذمے داریاں انجام دے چکے ہیں، یونس ڈھاگا معروف صنعت کار اور وفاقی سیکریٹری کے عہدے پر ذمے داریاں سر انجام دے چکے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کی جانب سے بنائی گئی مشاورتی کمیٹی دونوں طرف سے دئیے گئے ناموں پر پارٹی قیادت سے مشاورت کرے گی، اپوزیشن لیڈر رعنا انصار جلد تین ناموں کو شارٹ لسٹ کرکے وزیراعلی سے نگراں وزیر اعلی کے ناموں پر سے مشاورت شروع کریں گی۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی اور اپوزیشن لیڈ رعنا انصار کے درمیان مشترکہ طور پر مذاکرات ہوں گے اور امکان ہے کہ باہمی مشاورت سے کسی نام پر اتفاق ہوجائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔