نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم، لیپ ٹاپ اور ڈگریاں دینے کے متمنی ہیں، مریم نواز

ویب ڈیسک  منگل 8 اگست 2023
فوٹو: اسکرین گریب

فوٹو: اسکرین گریب

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہاہے کہ  پاکستان کی سیاست اور مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے۔

ماڈل ٹاؤن میں مسلم یوتھ فیڈریشن کی تنظیم نو کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ نون نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم، لیپ ٹاپ اور ڈگریاں دینے کی متمنی ہے،بندوق، گالی اور بد تمیزی نون لیگ کا کلچر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست اور مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی ہونے کے ناطے مسلم لیگ نون پر لازم ہے کہ وہ نوجوانوں کی بہتری اور اچھے مستقبل کے لیے اچھے فیصلے کرے۔

مریم نواز نے کہا کہ میاں نوازشریف کی قیادت میں سب سے پہلے طلبہ کو لیب ٹاپ اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کےلئے اربوں روپے کے قرضے دیے گئے۔

قبل ازیں مریم نواز نے مسلم یوتھ فیڈریشن کے عہدےداروں کے 5گھنٹے تک تفصیلی انٹرویو  کیے۔

مریم نواز نے پارٹی ذمے داران کو  ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو طلبا زیر تعلیم ہیں انہیں زیادہ سے زیادہ پارٹی کے ساتھ منسلک کریں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔