بلد یہ عظمیٰ کراچی کے ہزاروں ملازمین تاحال تنخواہوں سے محروم

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 10 اگست 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: بلد یہ عظمیٰ کراچی کے ہزاروں ملازمین  کی تنخواہوں میں اضافہ ہی ان کی ادائیگی میں تاخیر کا سبب بن گیا، اگست میں تاحال تنخواہیں جاری نہ ہوسکیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد کا اضافہ کا اعلان ہوا تھا اور ہدایت جا ری کی گئی تھی کہ اس ماہ سے ہی تنخواہیں اضافے کے ساتھ جاری کی  جائیں۔

تاہم سندھ حکومت نے بلد یہ عظمی کراچی کو تنخواہوں کی مد میں جو رقم جاری کی  وہ پرانی تنخواہوں کے حساب سے کی گئی جس کی وجہ سے کے ایم سی کے محکمہ مالیات کی جانب سے اب تک ملازمین کو تنخواہیں جا ری نہیں کی جا سکیں۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق اضافی تنخواہوں کی سمری پر  وزیر اعلی سندھ نے دستخط نہیں کیے جس کی وجہ سے یہ تاخیر ہو رہی ہے۔ ذرا ئع کا کہنا ہے کہ بلد یہ عظمیٰ کر اچی کے ہزاروں ملا زمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کے بعد ادائیگی کی مد میں 13 کروڑ روپے کی کمی کا سامنا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ امکان ہےکہ جمعرات کی رات تک وزیر اعلیٰ سندھ سمری پر دستخط کر کے محکمہ فناننس سندھ کو ہدایت جا ری کردیں گے کہ کے ایم سی کو مزید رقم جا ری کر دی  جائے، تاہم اس صورت میں  بھی تنخواہیں جاری ہونے میں پانچ سے چھ دن لگ جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کے ساتھ سمری پر بھی دستخط کر دینا چاہیے تھے تا کہ ہزاروں بلدیاتی ملازمین کو مشکلات کاسامنا نہیں کر نا پڑتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔