کراچی؛ کمسن بچہ اغوا، 8 کروڑ تاوان کی ادائیگی کا مطالبہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 11 اگست 2023
مسلح ملزمان دادا، پوتے اور 2 پوتیوں کو گاڑی سمیت اغوا کر کے کے ڈی اے چورنگی لے گئے—فائل فوٹو

مسلح ملزمان دادا، پوتے اور 2 پوتیوں کو گاڑی سمیت اغوا کر کے کے ڈی اے چورنگی لے گئے—فائل فوٹو

 کراچی: اورنگی ٹاؤن میں مسلح ملزمان دادا، پوتے اور 2 پوتیوں کو گاڑی سمیت اغوا کر کے کے ڈی اے چورنگی لے گئے۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ملزمان کمسن پوتے ایان کو اغوا کر کے موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے اور جاتے ہوئے اس کی رہائی کے عوض 8 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ بھی کر گئے، اس حوالے سے اورنگی ٹاؤن پولیس نے علیگڑھ کالونی کے رہائشی محمد ایوب کی مدعیت میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ نمبر 387 سال 2023 بجرم دفعات 365 اے اور 364 کے تحت درج کر کے مزید تحقیقات کے لیے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس کے حوالے کر دیا۔

مدعی مقدمہ ایوب نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ جمعرات کی صبح پونے آٹھ بجے کے قریب اپنے پوتے 6 سالہ ایان اور 2 پوتیوں 11 سالہ عائشہ اور 5 سالہ اربش کو اپنی گاڑی میں بیٹھا کر پاپوشنگر میں قائم اسکول چھوڑنے کے لیے گاڑی میں سوار ہوا تو اس دوران پینٹ شرٹ پہنے 2 افراد میری گاڑی میں بیٹھ گئے جس میں ایک کے پاس پستول تھا وہ پیچھے بیٹھ گیا جبکہ ایک زبردستی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ  گیا اور ہمیں اغوا کر کے کے ڈی اے چورنگی پر لے گئے۔

مدعی کے مطابق دونوں اشخاص کسی سے فون پر بات کرتے تھے کہ پلان چینج ہوگیا ہے، کے ڈی اے چورنگی پر ان کا ساتھی 125 موٹر سائیکل پر آیا ان لوگوں نے مجھے، میری پوتیوں اور گاڑی کو چھوڑ دیا جبکہ میرے پوتے ایان کو موٹر سائیکل پر بٹھا لیا اور مجھ سے کہا کہ 8 کروڑ روپے دیدینا پوتا آپ کو مل جائیگا جس کے بعد وہ میرے پوتے کو اغوا کر کے لے گئے۔

مدعی کے مطابق ہم نے مدد گار 15 پر کال کی اور پولیس کو واقعہ سے آگاہ کیا ، میرا دعویٰ 3 نامعلوم صورت شناس ملزمان پر میرے پوتے ایان کو تاوان کی نیت سے اغوا کرنے کا ہے لہذا قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔