بھارت؛مفت موبائل فون کے بہانے سرکاری ملازم کی 17 سالہ طالبہ سے زیادتی

ویب ڈیسک  اتوار 13 اگست 2023
17 سالہ لڑکی کو سرکاری مفت فون دینے کے بہانے زیادتی کا نشانہ بنایا؛ فوٹو: بھارتی میڈیا

17 سالہ لڑکی کو سرکاری مفت فون دینے کے بہانے زیادتی کا نشانہ بنایا؛ فوٹو: بھارتی میڈیا

جے پور: بھارتی ریاست راجستھان میں حکومت کی جانب سے طلبا کو فراہم کیے گئے مفت موبائل فون اسکیم کے بہانے ایک سرکاری ملازم نے 17 سالہ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے 25 سالہ سرکاری ملازم نے ایک گھر پر دستک دی اور باہر آنے والی نابالغ لڑکی کو بتایا کہ حکومت کے فری موبائل فون اسکیم میں اس کا نام آیا ہے۔

سرکاری ملازم نے لڑکی سے کہا وہ اپنا مفت موبائل لینے اس کی گاڑی تک چلے تاکہ بائیو ڈیٹا ویریفائی کرسکے۔ لڑکی نے کہا کہ وہ پہلے اپنی ماں سے بات کرے گی اور اس وقت ماں باپ دونوں مزدوری کرنے گئے ہیں۔ شام کو لوٹیں گے۔

جس پر سرکاری ملازم نے کہا کہ شام تک تو اسکیم کا وقت ختم ہوجائے گا۔ تم بس ساتھ چل کر بائیو میٹرک ویریفیکیشن کرالو اور اپنا موبائل لے لو۔

لڑکی اس کی باتوں میں آکر جانے کے لیے تیار ہوگئی لیکن وہ جیسے ہی گاڑی میں بیٹھی، ملزم نے گاڑی بھگا دی اور اپنے دفتر لے جاکر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے لگا۔

لڑکی نے مدد کے لیے چیخنا چلانا شروع کیا تو سرکاری ملازم نے چاقو سے ہاتھ اور بازو زخمی کردیا۔ جنسی زیادتی کے بعد بچی کو عید گاہ کے قریب چھوڑ گیا۔

شام کو والدین مزدوری کرکے گھر لوٹے تو بچی نے سب کچھ بتادیا جس پر اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے سرکاری ملازم کو اس کے دفتر کے باہر کھمبے سے باندھ کر مارا پیٹا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔

سرکاری ملازم نے پولیس کو گرفتاری دینے کے بہانے سے خود کو رسیوں سے آزاد کرایا اور اہل علاقہ کو چکمہ دیکر فرار ہوگیا۔

علاقہ مکینوں نے پولیس سے مقدمہ درج کرکے تفتیش کرنے اور سرکاری ملازم کو ملازمت سے برخاست کرنے کا مطالبہ کیا۔

سرکاری ملازم کی شناخت  سنیل کمار کے نام سے ہوئی ہے جو محکمے میں ایگزیکٹیو انجینئر کے سینئر اسسٹنٹ کے عہدے پر فائز ہے۔

پولیس ملزم کی تلاش میں چھاپا مار کارروائی کر رہی ہے جب کہ لڑکی کا طبی معائنہ بھی کرایا گیا جس میں زیادتی ثابت ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔