برطانیہ میں پاکستانی نژاد کے گھر سے 10 سالہ بچی کی لاش برآمد

ویب ڈیسک  اتوار 13 اگست 2023
10 سالہ بچی کی لاش پاکستانی نژاد خاندان کے گھر سے ملی جو فرار ہوگیا، فوٹو: برطانوی میڈیا

10 سالہ بچی کی لاش پاکستانی نژاد خاندان کے گھر سے ملی جو فرار ہوگیا، فوٹو: برطانوی میڈیا

لندن: برطانیہ کے علاقے ووکینگ میں پاکستانی نژاد شہری کے گھر سے 10 سالہ بچی کی لاش ملی ہے جب کہ قتل کی واردات میں ملوث گھر میں مقیم اہل خانہ ملک سے فرار ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پولیس نے ایک گھر سے 10 سالہ بچی کی لاش برآمد کی ہے۔ یہ گھر پاکستانی نژاد ملک عرفان شریف کی ملکیت ہے جو ڈرائیور ہے اور 20 سال پہلے پاکستان سے برطانیہ منتقل ہوا تھا۔

اس گھر میں پاکستانی نژاد ملک عرفان اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مقیم تھا۔ پولیس کو جن افراد پر قتل کا شبہ ہے وہ بچی کی لاش ملنے سے قبل ملک چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

پڑوسیوں نے پولیس کو بتایا کہ اس گھر میں ایک پاکستانی خاندان اپنے چھوٹے 6 بچوں کے ہمراہ رواں برس اپریل میں ہی آکر بسا تھا۔

سرے پولیس کا کہنا ہے کہ 10 سالہ لڑکی کے قتل کے الزام میں مطلوب تینوں افراد کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی تلاش شروع کردی گئی۔ بچی کے لواحقین کو مطلع کر دیا گیا ہے۔

47 سالہ پڑوسی امجد علی نے میل آن لائن کو بتایا کہ یقین نہیں آتا کہ میرے گھر کے بالکل نزدیک ایسا ہولناک واقعہ ہوا ہے۔ میں صدمے میں ہوں بلکہ پوری سوسائٹی صدمے میں ہے۔

پولیس نے لاش کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ یہ بتایا کہ انھیں پاکستانی نژاد خاندان کے کن کن افراد پر قتل کا شک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔