کراچی سیف سٹی پراجیکٹ؛ محفوظ ماحول کیلیے ہماری اجتماعی کاوشیں ظاہر کرتا ہے، وزیراعلیٰ

اسٹاف رپورٹر  پير 14 اگست 2023
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی سیف سٹی پراجیکٹ صرف کیمروں کے ذریعے نگرانی اور تکنیکی ترقی کا مجموعہ نہیں بلکہ سیف سٹی منصوبہ محفوظ شہری ماحول کے لیے ہماری اجتماعی کاوشوں کو ظاہر کر تا ہے۔

انٹیگریٹڈسی فائیو آئی ایس آر بیسڈ سیف سٹی پراجیکٹ  کے معاہدے پر دستخطی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہر شہری بغیر کسی خوف کے اپنی روزمرہ زندگی بسرکر سکے اور سیف سٹی منصوبہ اس مقصد کے حصول کے لیے بہترین قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ  مجھے وزارت اعلیٰ کا عہدہ کا چھوڑنے سے قبل کراچی  سیف سٹی پراجیکٹ کے انتظامات کے آغاز کا  شرف حاصل ہوا،  ہم آج یہاں  کراچی سیف سٹی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے جمع ہوئے ہیں جوکہ  پیپلز پارٹی حکومت کی دور اندیشی اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

مراد علی شاہ  نے کہا کہ مشکلات کے باوجود سندھ سیف سٹیز اتھارٹی بورڈ اور اس کے ڈائریکٹر جنرل اوراین آر ٹی سی نے اس منصوبے کو حقیقت کاروپ دینے کے لیے سخت محنت کی ہے جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ  ہم اس منصوبے  کی اہمیت سے بخوبی واقف ہیں، ہمیں اس کے کامیاب نفاذ کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنی  ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ  پیپلز پارٹی قیادت کی ہدایت پر ہم نے ہمیشہ شہریوں کی ضروریات اور خواہشات کو سرفہرست رکھا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔