آئی سی سی نے جولائی 2023 کے پلیئر آف دی منتھ کا اعلان کردیا

ویب ڈیسک  منگل 15 اگست 2023
فوٹو: آئی سی سی

فوٹو: آئی سی سی

 دبئی: آئی سی سی نے جولائی 2023 کے پلیئر آف دی منتھ کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی نے ایشز سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے پر انگلینڈ کے کرس ووکس کو جولائی 2023 کیلئے پلیئر آف دی منتھ قرار دیا ہے۔ کرس ووکس نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران تین ٹیسٹ میچز میں انتہائی اہم 79 رنز بنانے کے ساتھ 19 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ابتدائی دو میچز میں شکست کے باوجود انگلینڈ ڈرامائی انداز میں یہ سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہوا۔ واضح رہے کہ کرس ووکس پہلے دو میچوں میں انگلش ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔


آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز کا تیسرا میچ انگلینڈ نے جیتا تھا جبکہ چوتھا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا اور پانچویں میچ میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی۔

ایک سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرنے والے کرس ووکس نے ایشز سیریز میں عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔

دوسری جانب  آئی سی سی ویمن پلیئر آف دی منتھ کیلئے  آسٹریلیا کی آل راؤنڈر ایشلے گارڈنر کا انتخاب کیا گیا ہے۔


ایشلے گارڈنر نے جولائی کے پورے مہینے کے دوران آٹھ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں مجموعی طور پر 232 رنز بنانے کے ساتھ  15 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔