آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں پنجاب پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 15 اگست 2023

 لاہور: اینٹی کرپشن نے پنجاب پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ارشد بٹ کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

پنجاب پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر کو سروسز اسپتال سے گرفتار کیا گیا، ارشد بٹ پر سروسز ہسپتال کے کمروں پر قبضہ کرکے دفتر قائم کرنے اور جعلی اسناد پر ترقی سمیت دیگر الزامات ہیں۔

ارشد بٹ کے خلاف ڈیلی ویجز ملازمین کی بھرتیوں میں مداخلت کی تحقیقات جاری ہیں اور ان پر ملازمین کی بھرتیوں، ٹرانسفر پوسٹنگ کی مد میں رشوت وصول کرنے کا بھی الزام ہے۔

صدر پیرامیڈیکل اسٹاف پر غیر قانونی پارکنگ، کینٹین اور سرکاری کوارٹرز پر قبضوں کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔

اینٹی کرپشن نے ارشد بٹ کے ساتھ 44 سے زائد ڈیلی ویجز ملازمین و پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔