روس میں جہاز گر کر تباہ، باغی گروپ کے سربراہ پریگوزن سمیت 10 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 23 اگست 2023
فوٹو انٹرنیٹ

فوٹو انٹرنیٹ

 ماسکو: روس کے دارالحکومت کے شمال مغربی علاقے میں باغی گروپ ویگنز کا نجی جہاز گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں سربراہ یوگینی پریگوژن سمیت تمام 10 مسافر ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق روس کے شمال مغربی علاقے میں بزنس طیارہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر گر کر تباہ ہوا جس میں سوار تمام دس افراد مارے گئے۔ یہ جہاز ماسکو سے سینٹ پیٹرزبرگ جارہا تھا جس میں 7 مسافر اور عملے کے تین افراد سوار تھے۔

روس کی حکومت نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جہاز میں ویگنر گروپ کے سربراہ بھی سوار تھے جو حادثے میں ہلاک ہوئے جبکہ کوئی بھی مسافر بچ نہیں سکا۔

روسی میڈیا کے مطابق جائے وقوعہ سے 8 لاشیں برآمد کرلی گئیں ہیں۔

ویگنر گروپ کے ترجمان کی جانب سے جاری ابتدائی بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ طیارے کو زمین سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

امریکی فوج کے سابق ایڈوائزر نے الزام عائد کیا ہے کہ حادثے کے پیچھے روسی صدر پیوٹن کا ہاتھ ہے اور اس میں ہمیں کوئی شک نہیں، اب روس کو اس حادثے کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ یوگینی پریگوزن نے رواں سال جون میں یوکرین جنگ پر روسی صدر کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا جس کے بعد اُن کے ہزاروں اہلکاروں نے ماسکو کی جانب پیش قدمی شروع کردی تھی۔


بعد ازاں بیلا روس کے صدر کی مداخلت پر دونوں فریقین نے جنگ بندی پر رضا مندی ظاہر کی اور پھر باغی گروپ دوبارہ سے اپنے ٹھکانوں کی طرف چلا گیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔