سعودی فوج کا لڑاکا طیارہ کنگ عبدالعزیز ایئربیس کے نزدیک گر کر تباہ

ویب ڈیسک  منگل 29 اگست 2023
سعودی فوج کے لڑاکا طیارے سے پائلٹس نے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں، فوٹو: فائل

سعودی فوج کے لڑاکا طیارے سے پائلٹس نے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں، فوٹو: فائل

ریاض: سعودی عرب کا لڑاکا طیارہ تربیتی مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ 

سعودی میڈیا کے مطابق سعودی ایئر فورس کا لڑاکا طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران کنگ عبدالعزیز ایئربیس کے نزدیک گر کر تباہ ہوا۔

سعودی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے بتایا کہ سعودی ایئر فورس کے “ٹورنیڈو” لڑاکا طیارے نے معمول کی تربیتی پرواز بھری تھی اور نامعلوم وجوہات کی بنا پر گر کر تباہ ہوگیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق طیارہ ایک رہائشی علاقے کے نزدیک گرا تاہم خوش قسمتی سے وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ طیارے میں موجود پائلٹس بھی پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگا کر بحفاظت اتر گئے۔

سعودی فوج کے ترجمان جنرل ترکی المالکی کا مزید کہنا تھا کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

خیال رہے کہ یمن میں جاری خانہ جنگی کے باعث حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب میں میں ایئرپورٹس اور پروازوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے تاہم ایران سعودیہ سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد سے یمن میں کافی حد تک امن ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔