رواں سال کپاس کی دگنی پیداوار حاصل ہوئی، کاٹن جنرز ایسوسی ایشن

احتشام مفتی  اتوار 3 ستمبر 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: ملک میں کپاس کی مجموعی قومی پیداوار میں 98 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،  31اگست 2023 تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں 30لاکھ 41ہزار روئی کی گانٹھوں کے مساوی پھٹی کی ترسیل ہوئی۔

پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن ( پی سی جی اے ) کی جانب سے جاری ہونے والے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق 31اگست 2023 تک ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں 23لاکھ 41ہزار روئی کی گانٹھوں کے مساوی پھٹی کی ترسیل ہوئی جو گذشتہ سال کی اسی مدت کی نسبت 98فیصد زائد ہے۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ سندھ میں 136 فیصد ریکارڈ اضافے کے ساتھ 19 لاکھ 72ہزار گانٹھوں کی پیداوار ہوئی ہے جو  خوش آئند ہے جبکہ پنجاب میں 52فیصد کے اضافے سے 10لاکھ 69ہزار گانٹھوں کی پیداوار ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کے باعث درآمدی روئی کی لاگت میں اضافے اور برآمدی آرڈرز بہتر ہونے کے باعث ٹیکسٹائل ملز مالکان کے ساتھ ایک غیر ملکی فرم بھی رواں سال پاکستان سے بڑی مقدار میں روئی خریداری کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ فرم اب تک پاکستان سے ایک لاکھ 69ہزار گانٹھوں کی خریداری کرچکی ہے جبکہ ٹیکسٹائل ملز مجموعی طور پر اب تک 26لاکھ 15 ہزار گانٹھیں خرید چکی ہیں جبکہ 2 لاکھ57ہزار گانٹھیں اب بھی قابل فروخت ہیں۔

احسان الحق نے بتایا کہ پاکستان بھر میں سب سے زیادہ کپاس سندھ کے ضلع سانگھڑ کی جننگ فیکٹریوں میں آئی ہے  جو 11لاکھ 85ہزار گانٹھوں کے مساوی ہے جس کی بڑی وجہ سندھ کے ساحلی علاقوں بدین، ٹھٹھہ اور عمر کوٹ میں ہونےو الی بڑی پیداوار ہے۔

احسان الحق کا کہنا تھا کہ بھاری ٹیکسز کے نفاذ کے باعث پاکستان میں روئی کا غیر دستاویزی کاروبار بھی دیکھا جا رہا ہے اور ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں رواں کاٹن ایئر کے دوران 7 سے 8لاکھ گانٹھوں کے مساوی روئی غیر دستاویزی فروخت کی گئی ہے جس کی بنیاد پریہ کہا جا سکتا ہے 31اگست تک پاکستان میں کپاس کی مجموعی ملکی پیدوار 40 لاکھ گانٹھوں کے لگ بھگ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کاٹن جنرز نے ایف بی آر کی طرف سے جننگ فیکٹریوں میں ”ٹریس اینڈ ٹریکنگ“ سسٹم کے نفاذ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ اس نظام کا دائرہ کار پورے ٹیکسٹائل سیکٹر تک بڑھایا جائے تاکہ پورا کاٹن سیکٹر اس سسٹم میں آنے سے ملکی معیشت مضبوط ہو سکے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ڈالر کی قدر میں ریکارڈ اضافے کے باعث پاکستان میں روئی کی قیمتیں  22ہزار روپے فی من تک پہنچ گئی تھیں تاہم رواں ہفتےقیمتیں 21 ہزار روپے فی من تک گر گئیں جن میں دوبارہ تیزی متوقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔