سندھ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلوں کا امکان فہرست الیکشن کمیشن کو ارسال
سیکرٹری خزانہ، داخلہ، بلدیات اور پولیس چیف سمیت بڑے تقرر و تبادلوں کی تجویز، نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان
سندھ کی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلوں کا امکان ہے، اس سلسلے میں فہرست الیکشن کمیشن کو بھیج دی گئی ہے۔
نگراں صوبائی حکومت نے سندھ میں بیوروکریسی کی تبدیلی کے معاملے پر افسران کےتقرر و تبادلوں کی فہرست تیار کرکے الیکشن کمیشن کو ارسال کردی ہے۔ سندھ بھر میں موجودہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کیاجائےگا، اس سلسلے میں آج شام تک تبادلوں کا نوٹی فکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آغا واصف سیکرٹری خزانہ، حسن نقوی پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ہوں گے۔ اس کے علاوہ نجم شاہ سیکرٹری داخلہ ، منظور شیخ سیکرٹری بلدیات ہوں گے۔ خادم رند کو کراچی پولیس چیف بنائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ طارق دھاریجو کو ڈی آئی جی حیدرآباد تعینات کرنے کی تجویز ہے۔
عمران قریشی، اظہر مغل، عرفان بہادر، عارف اسلم راؤ کو کراچی کے مختلف اضلاع میں ایس ایس پی لگائے جانے کی تجویز ہے۔ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بھیجی گئی فہرست پر اعتراض نہ کیا تو تقرر و تبادلوں کے نوٹی فکیشنز آج جاری ہوں گے۔