سالانہ 6 کروڑ روپے کمانے والا گوگل کا 22 سالہ سافٹ ویئر انجینئر

ویب ڈیسک  پير 4 ستمبر 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

کیلی فورنیا: زیادہ تر نوجوانوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ کم وقت میں زیادہ سے زیادہ دولت جمع کرلیں تاکہ جلد ریٹائرمنٹ لیکر اپنی زندگی کو انجوائے کرسکیں۔

ایسے ہی ایک شخص گوگل میں کام کرنے والے 22 سالہ سافٹ ویئر انجینئر ایتھن نگونلی ہیں جو 50 لاکھ ڈالر (ایک ارب 5 کروڑ روپے سے زائد رقم) جمع کرنے کے ہدف کے ساتھ 35 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

کیلیفورنیا میں رہنے والے اس نوجوان کے مطابق انہوں نے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سے کمپیوٹر سائنس میں گریجویشن کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد ایک سافٹ ویئر کمپنی میں ملازمت کی اور ساتھ ہی ساتھ انفارمیشن اور ڈیٹا سائنس میں ماسٹر ڈگری بھی شروع کی۔

ایتھن نگونلی نے غیرملکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کو انٹرویو میں بتایا کہ اگست 2022 میں انہوں نے اپنا ماسٹرز مکمل کیا اور ڈگری ملنے سے پہلے ہی انہیں گوگل میں بطور سافٹ ویئر انجینئر ملازمت مل گئی۔

ایتھن نگولی نے اپنے والدین کو اس بات کا کریڈٹ دیا کہ انہوں نے انکو اپنے پیسے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرنے کے بجائے اسٹاک میں سرمایہ کاری کرنے کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔ آج تنخواہ اور اسٹاک کو ملاکر انکی سالانہ آمدنی ایک لاکھ 94 ہزار ڈالر (6 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔

ایتھن نگونلی کہتے ہیں کہ ’’میرے والدین نے مجھے سمجھایا اگر آپ اپنا پیسہ سیونگ اکاؤنٹ میں چھوڑتے ہیں تو وقت گزرنے کے ساتھ بے کار ہوجائے گا جس کے بعد میں نے ریئل اسٹیٹ سمیت مختلف جگہوں پر سرمایہ کاری شروع کردی۔

ایتھن نگونلی نے 2022 کے آغاز میں فلوریڈا میں ایک پراپرٹی خریدی اور تقریباً ایک سال بعد کیلیفورنیا میں اپنی رہائش کیلئے ایک گھر بھی خرید لیا۔

ایتھن نگونلی ان دو پراپرٹیز پر تقریباً 135,000 ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکے ہیں اور اب وہ اپنی تنخواہ کا 35 فیصد مسلسل سرمایہ کاری پر لگاکر اپنے رئیل اسٹیٹ پورٹ فولیو کو بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ایتھن نگونلی نے اپنے 5 ملین ڈالر کے ہدف تک پہنچنے کیلئے اپنے ریٹائرمنٹ اکاؤنٹس میں سرمایہ کاری جاری رکھنے اور ہر دو سال بعد ایک نئی پراپرٹی خریدنے کا ہدف بنایا ہے۔

ایتھن نگونلی نے کہا کہ وہ کھانے پر زیادہ رقم خرچ نہیں کرتے کیونکہ گوگل انہیں مفت ناشتہ اور لنچ فراہم کرتا ہے۔ اسکے علاوہ وہ مہنگے برانڈ کے کپڑوں کے بجائے سادہ اور سستے کپڑے پہننے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انکو سیاحت کرنا پسند ہے اور عام طور پر وہ سال میں تین سے چار مرتبہ گھومنے کیلئے جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔