بنوں میں فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما جاں بحق
چارسدہ میں اقدام قتل کے ملزمان کی چھاپا مار کارروائی کے دوران پولیس موبائل پر فائرنگ، ڈرائیور زخمی
فائرنگ کے واقعے میں عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بنوں میں ڈی آئی خان روڈ پر انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کی، جس میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ضلعی رہنما شیر علی باغی موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لاش کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا۔ جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب چارسدہ سٹی کی حدود میں اقدام قتل کے ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، جس سے پولیس موبائل کا ڈرائیور فرمان زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق اقدام قتل کے مقدمے میں نامزد ملزمان کے ٹھکانوں پر چھاپا مارا گیا تھا، جہاں ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی موبائل پر فائرنگ کردی، جس سے موبائل ڈرائیور فرمان زخمی ہوگیا۔ اہل کار کو علاج کے لیے چارسدہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی پی او چارسدہ محمد عارف کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔