مٹاپے کا شکار بچے مستقبل میں ڈپریشن میں مبتلا ہوسکتے ہیں
مطالعے کے لیے کنگز کالج لندن کے محققین نے 10 ہزار سے زائد جڑواں بچوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا
ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وہ بچے جن کا باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) زیادہ ہوتا ہے ان کے مستقبل میں ڈپریشن لاحق ہونے کے زیادہ خطرات ہوتے ہیں۔
کنگز کالج لندن کے محققین نے ٹوئنز ارلی ڈیویلپمنٹ اسٹڈی اور یو کے اڈلٹ ٹوئن رجسٹری سے حاصل کیے گئے 10 ہزار سے زائد جڑواں بچوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔
مطالعے میں محققین نے 12، 16 اور 21 سال کے بچوں میں بی ایم آئی اور ڈپریشن کے درمیان تعلق جاننے کی کوشش کی۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ 12 سال سے 16 سال کی عمر کے درمیان بچوں کے وزن کا زیادہ ہونا ان کے مزاج پر اداسی اور بیزاری سمیت دیگر علامات جیسے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جسم کے حوالے بے اطمینانی اور وزن سے متعلقہ معاملات بچوں میں اس صورتحال کی مرکزی وجوہات ہیں اور یہ عمر متاثرہ بچوں کی مدد کرنے کے لیے اہم ہوتی ہے۔
محققین کو معلوم ہوا کہ 12 سے 16 برس کے درمیان وہ بچے جن کا بی ایم آئی زیادہ تھا ان کے 16 سے 21 برس کے درمیان بچوں کی نسبت ڈپریشن میں مبتلا ہونے کے خطرات زیادہ تھے۔
تحقیق کی سربراہ مصنفہ ڈاکٹر ایلن تھامپسن کے مطابق نوجوانی میں وزن اور ذہنی صحت کے خراب ہونے کے درمیان تعلق کی سمجھ متاثرہ فرد کو بروقت مدد کی فراہمی کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحقیق 12 سال کی عمر میں زیادہ بی ایم آئی اور 16 سال کی عمر میں ڈپریشن کی علامات کے درمیان واضح تعلق ظاہر کرتی ہے۔