ایف پی سی سی آئی نے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کی حمایت کا اعلان کردیا

بزنس رپورٹر  بدھ 6 ستمبر 2023
1 سے 3 سال کی مدت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانا ممکن ہے، عرفان اقبال شیخ
 فوٹو: فائل

1 سے 3 سال کی مدت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانا ممکن ہے، عرفان اقبال شیخ فوٹو: فائل

 کراچی: ایف پی سی سی آئی نے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے اسپیشل انوسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے قیام، ڈالر میں قیاس آرائی پر مبنی ٹریڈنگ کیخلاف کریک ڈاؤن، پٹرولیم مصنوعات اور چینی کی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات، ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور سرمایہ کاروں کو حکومت میں تبدیلی کے باوجود معاشی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھنے جیسی اصلاحات کی حمایت کی تا کہ ملک میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بہتر بنایا جا سکے۔

عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ آرمی چیف کے ساتھ کاروباری برادری کی ملاقاتیں گزشتہ چند سالوں میں معیشت کی غیر یقینی صورتحال اور شدید اتار چڑھاؤ کے بعد کسی تازہ ہوا کے جھونکے سے کم نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایف پی سی سی آئی نے آئی ایم ایف سے معاہدہ خوش کن قرار دیدیا

انھوں نے مزید کہا کہ کراچی اور لاہور میں ان کے ساتھ تفصیلی ملاقاتوں کے بعد ہمیں حوصلہ ملا ہے اور امید بندھی ہے کہ ہم وسیع تر قومی مفاد میں معاشی بحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔

صدر ایف پی سی سی آئی عرفان اقبال شیخ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ پاکستان کے دوست ممالک کی بڑی اور مضبوط معیشتوں کے پیش نظر ایک سال سے کم مدت میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور ایک سے تین سال کی مختصر مدت میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانا عین ممکن ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔