افغان اولمپک کمیٹی کا ایشیائی گیمز میں 17 خواتین کھلاڑیوں کو بھیجنے کا فیصلہ
ایشیائی گیمز چین کے شہر ہانگ زو میں 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک منعقد ہوں گے
افغانستان کی اولمپک کمیٹی (این او سی) نے کہا ہے کہ وہ رواں ماہ چین میں ہونے والے ایشیائی گیمز میں 17 خواتین ایتھلیٹس کو تین کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے بھیجے گی۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان کی این او سی نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان چمکتا دمکتا رہے گا کیونکہ وہ ایشین گیمز کے مرحلے میں حصہ لینے والی خواتین ایتھلیٹس کی اب تک کی سب سے زیادہ تعداد پر فخر کرتا ہے۔
کمیٹی نے بتایا کہ خواتین کھلاڑیوں کی ایک ٹیم کو بھیجا جائے گا جس میں کل 17 خواتین کھلاڑی اور تین شعبوں ایتھلیٹکس، سائیکلنگ اور والی بال کی ٹیم کے عہدیدار شامل ہوں گے۔
افغان این او سی نے مزید کہا کہ خواتین ایتھلیٹس کو تین اسکالرشپس دیے گئے ہیں جو پیرس 2024 اولمپکس کی جانب ان کے شاندار سفر کی راہ ہموار کرتے ہیں۔
ایشیائی گیمز چین کے شہر ہانگ زو میں 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک منعقد ہوں گے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (IOC) نے دسمبر میں طالبان حکمرانوں کو خبردار کیا تھا کہ 2024 کے پیرس گیمز میں ملک کی نمائندگی کے لیے خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو کھیلوں تک محفوظ رسائی کی اجازت دی جائے۔