کراچی میں چینی کی قیمتوں میں کمی آنے لگی 172روپے میں دستیاب

جوڑیا بازار میں فی 50 کلوگرام قیمت 8750 روپے سے گھٹ کر 8600 روپے ہوگئی


Staff Reporter September 07, 2023
سپہ سالار کے میدان میں آنے سے چینی کی قیمتوں میں کمی کا رحجان پیدا ہوگیا ،ہول سیلر فوٹو: فائل

کراچی میں چینی کی قیمتوں میں کمی آنے لگی ہے، بدھ کو کراچی کی تھوک مارکیٹ جوڑیا بازار میں فی 50 کلوگرام چینی کی قیمت 8750 روپے سے گھٹ کر8600 روپے کی سطح پر آگئی ۔

جس سے فی کلوگرام چینی کی قیمت 3 روپے کمی سے 172روپے پر فروخت کی جارہی ہے جبکہ چینی کی ایکس مل قیمت بھی بشمول ٹرانسپورٹ لاگت کے گھٹ کر 170روپے وصول کی جارہی ہے لیکن دلچسپ امر یہ ہے خوردہ سطح پر فی کلوگرام چینی 180 سے 190 روپے میں فروخت کی جارہی ہے، جس کی قیمت میں بھی کمی آنے کا امکان ہے۔

جوڑیا بازار میں چینی کے ایک ہول سیلر شفقت محمود نے بتایا کہ سپہ سالار کی مہنگائی پر کنٹرول کے اقدامات اور معیشت سدھارنے کے لیے میدان میں آنے سے چینی کی قیمتوں میں کمی کا رحجان پیدا ہوگیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گذشتہ چند ہفتوں سے چینی کی قیمتوں میں یومیہ بنیادوں پر اضافے کی وجہ سے اسکی فروخت میں بھی واضح کمی آگئی ہے لہذا یہ عوامل بھی چینی کی قیمتوں میں کمی کا باعث ہیں، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چند ماہ قبل 90 سے 100روپے کلو میں فروخت ہونے والی چینی کی قیمت دْگنی ہوچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں