ڈاکوؤں نے کراچی سے تفریح کیلیے آنے والوں کی درجنوں گاڑیاں لوٹ لیں

ایکسپریس نیوز ڈیسک  منگل 13 مئ 2014
ہالیجی روڈ پر ملزمان لاکھوں کی نقدی، موبائل فون اور طلائی زیورات چھین کر فرار، مزاحمت پر ایک شخص پر وحشیانہ تشدد.
 فوٹو: فائل

ہالیجی روڈ پر ملزمان لاکھوں کی نقدی، موبائل فون اور طلائی زیورات چھین کر فرار، مزاحمت پر ایک شخص پر وحشیانہ تشدد. فوٹو: فائل

گھارو: ہالیجی روڈ پر کراچی سے تفریح کی غرض سے آنے والی درجنوں گاڑیوں سے ڈاکوؤں کی لوٹ مار، لاکھوں روپے نقدی، درجنوں موبائل فونز، طلائی زیورات، ایک موٹر سائیکل چھین کر فرارہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز شدید گرمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ستائے کراچی کے شہریوں کی بڑی تعداد نے ضلع ٹھٹھہ کے تفریح مقامات کا رخ کیا جس کے باعث قومی شاہراہ پر ٹریفک کا رش غیر معمولی تھا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈاکو بھی سرگرم ہوگئے۔

ہالیجی جھیل گھومنے کے لیے جانے والی درجنوں گاڑیوں کے مسافروں سے طلائی زیورات اور درجنوں موبائل فونز چھین لیے جبکہ شاہ فیصل کالونی کراچی کے رہائشی تحسین اختر سے مسلح افراد نے نقدی اور موبائل چھیننے کے بعد شدید تشدد کا نشاہ بنایا اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے جبکہ2 پک اپ پر سوار 20 سے زائد افراد سے بھی لوٹ مار کی گئی۔

متاثرہ شوکت، علی، اقبال، سرفراز اور اختر نے بتایا کہ ڈاکو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور بڑے اطمینان سے لوٹ مار کررہے تھے،پولیس کو مطلع کرنے کے باوجود تاخیر سے پہنچی جبکہ زخمی تحسین اختر کو مقامی اسپتال میں طبی امداد دیکر روانہ کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔