سستا ٹریکٹر خریدنے کیلیے رحیم یار خان جانیوالا پاک بحریہ کا حاضر سروس ملازم اغوا
مغوی فیس بک پر ٹریکٹر کا اشتہار دیکھ کر ساڑھے 11 لاکھ لے کر والد کے ساتھ گیا، اغوا کاروں نے مزید رقم کا مطالبہ کردیا
سستا ٹریکٹر خریدنے کیلیے رحیم یار خان جانیوالا پاک بحریہ کا حاضر سروس ملازم والد سمیت اغوا کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق رحیم یار خان سستا ٹریکٹر خریدنے کے لیے جانے والے شخص کا تعلق راولپنڈی کے علاقے جاوا سے ہے، جس کے بھائی کی مدعیت میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مغوی یاسر رضا پاکستان نیوی کا حاضر سروس ملازم ہے، جو فیس بک پر ٹریکٹر کا اشتہار دیکھ کر والد محمد مسکین کے ساتھ ٹریکٹر خریدنے رحیم یار خان گیا تھا۔ مدعی کے مطابق رابطہ کرنے پر دونوں کے نمبر بند ملے، جس کے بعد فیس بک اشتہار پر درج نمبر پر رابطہ کیا تو اغوا کا معلوم ہوا۔
مغوی باپ بیٹا ٹریکٹر خریدنے کے لیے ساڑھے گیارہ لاکھ روپے لے کر گئے تھے۔ ملزمان نے رہائی کے لیے مزید رقم کا مطالبہ بھی کر دیا۔ مقدمے کے مطابق مغوی باپ بیٹا 7 ستمبر کو صادق آباد رحیم یار خان گئے۔ 8 ستمبر کو اغوا کرلیا گیا۔