انتخابات کب ہونگے الیکشن کمیشن کو بھی نہیں پتا مگر ایک جماعت تاریخ دے رہی ہے بلاول
ہم سمجھتے ہیں الیکشن جلد از جلد ہونے چاہئیں، کل پارٹی میٹنگ میں اس حوالے سے لائحہ عمل طے کریں گے، مظفر گڑھ میں خطاب
September 13, 2023
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک جماعت کی تاریخ کا اعلان کررہی ہے صرف اسے ہی پتا ہے کہ الیکشن فروری میں ہوگے جب کہ آپ کو، مجھے اور الیکشن کمیشن کو بھی نہیں پتا۔
مظفر گڑھ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ الیکشن 2018ء میں مظفر گڑھ سے پی پی کے تین امیدوار جیتے اس بار امید ہے پانچ امیدوار فتح حاصل کریں گے، ہم نے عمران خان کے خلاف مہم چلائی تو مظفر گڑھ ہمارے ساتھ تھا اور مسلط کیے گئے سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیجا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی مشکلات کا شکار ہے، اشرافیہ، سرمایہ دار، ٹائیکونز کو فائدہ پہنچا کر سمجھا گیا کہ معیشت بہتر ہوجائے گی بڑے لوگوں کو سبسڈی دینے کے بجائے عام آدمی کو سہولت دی جائے کیوں کہ عام آدمی کو معاشی طور پر مضبوط کرنے سے ہی معیشت بہتر ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم کبھی الیکشن سے نہیں ڈرے اور نہ کبھی عوام سے منہ چھپایا، پیپلز پارٹی کے لوگ مقابلہ کرنا جانتے ہیں وہ دن دور نہیں جب ہم ایک بار پھر پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ الیکشن جلد از جلد ہونے چاہئیں، الیکشن سے متعلق کل پی پی کی سی ای سی کی میٹنگ ہے جس میں اس حوالے سے لائحہ عمل طے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جماعت یہاں خود سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کررہی ہے اور صرف اسے ہی پتا ہے الیکشن فروری میں ہوگے جب کہ آپ کو، مجھے اور الیکشن کمیشن کو بھی نہیں پتا۔