سارہ شریف قتل؛ والد ،سوتیلی ماں اور چچا برطانیہ پہنچنے پرگرفتار

ویب ڈیسک  جمعرات 14 ستمبر 2023
سارہ کے والد ، سوتیلی والدہ اورجچا سے تفتیش جاری ہے، برطانوی پولیس:فوٹو:فائل

سارہ کے والد ، سوتیلی والدہ اورجچا سے تفتیش جاری ہے، برطانوی پولیس:فوٹو:فائل

  لندن: سارہ شریف قتل کیس میں مطلوب اس کے والد ، سوتیلی ماں اور چچا  کو برطانیہ پہنچنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق تینوں افراد کو پاکستان سے برطانیہ پہنچنے پر گیٹ وک ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔  دس سالہ سارہ شریف کے والد 41 سالہ عرفان شریف، ان کی اہلیہ 29 سالہ بینش بتول اور عرفان کے بھائی 28 سالہ فیصل ملک کو برطانیہ کے مقامی وقت کے مطابق شام سات بج کر 45 منٹ پر گرفتار کیا گیا۔

سرے پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں زیر حراست  افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔سارہ کی والدہ کو اس تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں تفصیلات بتا دی گئی ہیں۔ سارہ کے والد، سوتیلی والدہ اور چجج  سارہ کی ہلاکت سے قبل ووکنگ میں رہائش پذیر تھے تاہم پولیس کو سارہ کی میت ملنے سے ایک روز قبل یہ پاکستان آ گئے تھے۔

سارہ کی لاش 10 اگست کو ووکنگ کے علاقے میں اُن کے گھر سے ملی تھی اور ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کے جسم پر متعدد زخموں کے نشانات پائے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: برطانیہ میں مبینہ قتل سارہ شریف کے بہن بھائی چائلڈ پروٹیکشن بیورو منتقل

 

دوسری جانب ان تین افراد کے ہمراہ پاکستان پہنچنے والے سارہ شریف کے 5 بہن بھائیوں کو عارضی طور پر حکومت کے زیر انتظام بچوں کی دیکھ بھال کے ادارے میں بھیج دیا گیا ہے۔ پیر کے روز پاکستانی حکام نے سارہ کے بہن بھائیوں کو اُن کے دادا محمد شریف کے گھر سے تحویل میں لیا تھا۔ پاکستان پہنچنے کے بعد مقتول سارہ کے والد، سوتیلی والدہ اور چچا روپوش ہو گئے تھے اور حکام بہت عرصے سے ان کی تلاش میں سرکرداں تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔