موٹرسائیکل گینگ کی ایک اور منظم واردات چائے کے ہوٹل پر درجنوں افراد کو لوٹ لیا
موٹرسائیکل گینگ کی جانب سے 2 ماہ کے دوران دوسری منظم کارروائی ہے
ضلعی وسطی میں موٹرسائیکل گینگ شفیق موڑ پر واقعے چائے کے ہوٹل پر کئی افراد اور ہوٹل والے سے نقدی، موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
موٹرسائیکل گینگ کی حالیہ دو ماہ کے دوران دوسری اور منظم کارروائی ہے۔ ملزمان نے گزشتہ ماہ عزیزآباد کے علاقے میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ایک درجن وارداتیں کی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق گبول ٹاؤن تھانے کی حدود شفیق موڑ پر قائم چائے کے ہوٹل پر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایک درجن نئے ماڈل کی 125 موٹرسائیکلوں پر سوار 24 ملزمان نے چائے کے ہوٹل پر بیٹھے درجنوں افراد سے لاکھوں روپے اور تمام افراد کے موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔
ملزمان نے واردات کے دوران ہوٹل کے مالک کی بھی صفایا کردیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے رکشا ڈرائیور کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، زخمی رکشا ڈرائیور کی شناخت انیس ولد رشید کے نام سے کی گئی ، مضروب کو ڈکیتی کے دورن مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے زخمی کیا گیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ ماہ عزیز آباد کے علاقے یاسین آباد میں بھی موٹرسائیکل گینگ نے چائے کے ہوٹل پر واردات کی تھی۔ اسی ہوٹل پر بیٹھے ایک مرغی کے تاجر جبکہ ایک دوسرے شخص سے 5 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
علاوہ ازیں عزیز آباد 3 نمبر نور اسٹور کے قریب ایک گھر میں موٹرسائیکل گینگ نے واردات کے دوران 75 لاکھ روپے سے زائد کی واردات کی تھی جبکہ عزیز آباد نمبر دو میں مسجد کی دکانوں میں بنے چائے و کھانے کے ہوٹل پر واردات کے دوران درجنوں افراد کو لوٹ لیا تھا۔