جیولری انڈسٹری صرافہ مارکیٹوں کو دستاویزی بنانے میں تعاون پر آمادہ

سونے کی تجارت کو دستاویزی بنانے کا مقصد شعبے میں ہونیوالی سٹے بازی کا خاتمہ ہے


Staff Reporter September 16, 2023
توقع ہے ملک بھر کی صراف برادری ہمارے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کریگی، حاجی ہارون۔ فوٹو:فائل

مقامی جیولری انڈسٹری نے صرافہ مارکیٹوں کی کاروباری سرگرمیوں کو دستاویزی بنانے میں تعاون کا اعلان کردیا ہے۔

ایسوسی ایشن کے سربراہ حاجی ہارون رشید چاند نے کہا ہے کہ متعلقہ حکام کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں سونے کی مقامی قیمت کے تعین کو تین ماہ کے لیے بند رکھنے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم تین روزہ وقفے کے بعد ہفتہ (آج) سے مشاورت کے ساتھ سونے کی باضابطہ تجارت اور ریڈی مارکیٹ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین شروع کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سونے کی تجارت کو دستاویزی بنانے کا مقصد اس شعبے میں ہونے والی سٹے بازی کا خاتمہ ہے، لہذا قومی مفاد میں اب مارکیٹ میں طلب ورسد کے فارمولے کو مدنظر رکھتے ہوئے سونے کی یومیہ بنیادوں پر تعین ہوگی اور غیرقانونی تجارت کا خاتمہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مشکوک گاہکوں کی اطلاع نہ دینے پر جیولرز، پراپرٹی ڈیلرز کو سزائیں ہوں گی


حاجی ہارون رشید چاند نے بتایا کہ غیرقانونی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث پانچ جیولرز کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لیا تھا، جنھیں بعدازاں تحقیقات کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ہم نے متعلقہ اداروں کے ساتھ وعدہ کیا ہے کہ بلین اور صرافہ مارکیٹوں میں کوئی غیرقانونی تجارت نہیں ہوگی، توقع ہے کہ ملک بھر کی جیولر وصراف برادری ہمارے ساتھ اس سلسلے میں تعاون کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے