وزیراعظم نے ساڑھے 3 ارب روپے مالیت کی سود سے پاک قرضہ اسکیم کی منظوری دیدی

اے پی پی  بدھ 14 مئ 2014
اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف کواسحق ڈاربریفنگ دے رہے ہیں،مریم نوازبھی موجودہیں۔ فوٹو: پی پی آئی

اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف کواسحق ڈاربریفنگ دے رہے ہیں،مریم نوازبھی موجودہیں۔ فوٹو: پی پی آئی

اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف نے ساڑھے 3 ارب روپے مالیت کی سود سے پاک قرضہ اسکیم کی منظوری دیدی جس سے 10 لاکھ افراد استفادہ کرینگے۔

ان میں50 فیصد خواتین ہونگی یہ اسکیم آئندہ ماہ سے شروع ہوگی جبکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ مائیکرو فنانس اسکیمیں سیاسی اور اقتصادی ترقی کیلیے عمل انگیز ہیں اور چھوٹے قرضے معاشرے کے غریب ترین طبقات بالخصوص خواتین کیلئے تبدیلی کا ذریعہ ہیں، ایسی اسکیموں سے ملک میں تعمیری اقتصادی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔ دریں اثنا وزیراعظم نے صدر مملکت ممنون حسین اور امریکی نیول چیف سے الگ الگ ملاقات کی جس میں ملکی صورتحال اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت سود سے پاک قرضہ اسکیم پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعظم یوتھ اسکیم کی چیئرپرسن مریم نواز اور سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ساڑھے3 ارب روپے مالیت کی سود سے پاک اسکیم کی منظوری دی۔ سود سے پاک قرضوں کی تقسیم اس سال جون کے تیسرے ہفتے میں شروع ہو گی۔ وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پوری طرح قائل ہیں کہ اگر نوجوانوں کو چھوٹے قرضوں کی سکیموں اور جدید ٹیکنالوجی تک بہتر رسائی کے ذریعے مناسب رہنمائی اور مالیاتی معاونت فراہم کی جائے تو وہ ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔

مریم نواز نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے وزیراعظم پاکستان کا نوجوانوں سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا۔ شفاف پن اور میرٹ ہمارے پروگرام کا طرہ امتیاز ہیں اور ہم اپنے نوجوانوں کو سرمائے کی فراہمی اور ہنر مند بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔ حکومت نے ملک بھر سے ٹارگٹ افراد کیلیے ساڑھے 3 ارب روپے سود سے پاک قرضہ مختص کیا ہے جو پاکستان تخفیف غربت فنڈ کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔ دیہی علاقوں پر بنیادی توجہ مرکوز کرتے ہوئے این ایف سی ایوارڈ کے مطابق ہر وفاقی اکائی کو حصہ دیا جائے گا۔ اسکیم کے تحت ہر فرد کو 50 ہزار روپے تک سرمایہ فراہم کیا جائے گا۔ اس اسکیم سے استفادہ کرنے والوں کیلیے قرضہ مرکز اور بزنس سپورٹ سنٹر قائم کیا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ میسرز ہائیر الیکٹریکل اپلائنسز کمپنی پاکستان میں 10 ہزار لیپ ٹاپ تیار کرے گی اور آئندہ سال سے تقسیم کئے جانے والے 100 فیصد لیپ ٹاپ پاکستان میں اسمبل کیے جائیں گے۔ ہر لیپ ٹاپ کے ساتھ 3 ماہ تک مفت انٹرنیٹ کنکشن کے ساتھ ’’ایوو ڈیوائس‘‘ فراہم کی جائے گی۔ یہ کمپنی چیدہ چیدہ طالب علموں کو انٹرن شپ کی بھی پیشکش کرے گی۔ لیپ ٹاپ کی تقسیم جون میں شروع ہو گی اور پہلے مرحلے میں 10 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اسمبلی پلانٹس کا قیام درست سمت میں ایک قدم ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے اس اسکیم کا جائزہ لیا اور ان کی طرف سے اسے سراہا جا رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ یوتھ لون سکیم کی اگلی قرعہ اندازی آئندہ ماہ ہو گی۔ مریم نواز نے کہا کہ وہ اس پروگرام کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہی ہیں اور بہتر کارکردگی کیلیے تمام محکموں کے درمیان رابطے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دریں اثنا صدر مملکت ممنون حسین سے وزیراعظم نوازشریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مجموعی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے صدر مملکت کو برطانیہ اور ایران کے اپنے حالیہ دوروں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم سے امریکی نیول چیف ایڈمرل جوناتھن ڈبلیو گرینرٹ نے ملاقات کی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد آصف سندھیلا، امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات کے دوران علاقائی اور دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔