شہباز شریف اور مریم نواز ہنگامی دورے پر لندن روانہ

ویب ڈیسک  جمعرات 21 ستمبر 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور سینیئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز لندن کے لیے روانہ ہوں گئیں۔

مسلم لیگ ن کے پارٹی ذرائع کے مطابق شہباز شریف ہنگامی بنیادوں پر لندن روانہ ہوئے جبکہ مریم نواز کی روانگی شیڈول تھی اور انہوں نے صبح چار بج کر 50 منٹ پر لاہور سے غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے لندن روانہ ہونا تھا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مریم نواز لندن میں اپنی بیٹی کے داخلے کے لیے گئی ہیں جبکہ وہ اپنے والد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے بھی تفصیلی ملاقات کر کے انہیں وطن واپسی کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کریں گی۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے صدر کو نواز شریف نے طلب کیا ہے جس پر وہ ہنگامی بنیادوں پر جمعرات کو لندن روانہ ہوں گے۔ سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی لندن روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں نواز شریف نے اہم مشاورت کے لیے طلب کیا ہے اور وہ جلد وطن واپس آجائیں گے۔

واضح رہے کہ شہباز شریف لندن میں ایک ماہ قیام کے بعد دو روز قبل ہی وطن واپس پہنچے تھے۔

دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے گھر آمد اور دونوں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ جس میں دونوں رہنماوں کی لندن روانگی، پارٹی قائد کے وطن واپسی پر استقبال کی تیاریوں اور قانون معاملات پر گفتگو کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔