بے خوابی سے چھٹکارا کیسے پائیں؟

 جمعرات 21 ستمبر 2023
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

 

رات گئے تک جاگنے والے افراد جانتے ہیں کہ کیسے انہیں بستر پر نیند کے انتظار میں کروٹیں بدلنا پڑتی ہیں۔ اگر آپ کا خیال ہے کہ بستر پر لیٹے رہنا نیند لانے کی وجہ بنتا ہے تو آپ کو ایک بار پھر سوچنا چاہیے۔ آپ ایسا بہت کچھ کر سکتے ہیں جو دیکھنے یا سننے میں تو عجیب لگے گا مگر نیند کے حصول میں مددگار ثابت ہو۔ ماہرین طب کے مطابق اگر آپ بھی اکثر بستر پر کروٹیں بدلتے رہتے ہیں تو آپ کو ان طریقوں کو آزمانا چاہیے۔

جاگنے کی کوشش کریں

جی ہاں اگر آپ فوری نیند چاہتے ہیں تو جاگنے کے بارے میں سوچیں، یہ پڑھنے میں عجیب لگے گا مگر ماہرین کے مطابق جن لوگوں کو سونے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے انہیں سونے کی بجائے، جاگنے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔ ماہرین کے مطابق اکثر نیند نہ آنے کی وجہ کسی قسم کی ذہنی بے چینی یا پریشانی ہوسکتی ہے تو نیند کے بارے میں فکرمند ہونے کے بجائے جاگنے کا سوچیں، جس سے ذہنی بے چینی کم ہوگی اور ذہن کو سکون ملے گا جس سے سونے میں مدد ملے گی۔

جرابیں پہن لیں

یہ طریقہ گرم علاقوں میں زیادہ مفید نہیں۔ تاہم اگر سونے سے پہلے پیر ٹھنڈے ہوں تو دماغ کو ایسا سگنل ملتا ہے کہ ابھی سونے کا وقت نہیں ہوا، پاؤں کو جرابوں کے ذریعے گرم کیا جائے تو اس سے خون کی شریانوں کو سکون ملتا ہے اور دماغ کو لگتا ہے کہ یہ سونے کا وقت ہے، اس طرح یہ حرارت جسم کو سونے کے لیے تیار کرتی ہے۔

بستر سے نکل کر کچھ کرنا

ماہرین کے مطابق نیند نہ آنے پر بستر سے باہر نکل کر کسی اور سرگرمی کا حصہ بننا جلد سونے میں مدد دیتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ کو رات سونے میں مشکل کا سامنا ہو تو بستر سے باہر نکلیں اور کسی کتاب کا مطالعہ کریں یا کچھ لکھنا شروع کردیں۔

تیل کا استعمال

طبی ماہرین کے مطابق جسم کو سکون پہنچانے والے تیل، جیسے گرمیوں میں سونے سے پہلے ناریل کے تیل کو پیروں، سر اور کانوں کے پیچھے لگائیں جبکہ سردیوں میں یہ کام تلوں کے تیل سے کریں، جس سے فوری نیند میں مدد ملے گی۔

سانس لینے کا مخصوص طریقہ

ہارورڈ کے ڈاکٹر اینڈریو ویل کے مطابق یہ ایک قدرتی ٹوٹکا ہے جو صدیوں سے مختلف افراد استعمال کر رہے ہیں۔ اس طریقے کو 4-7-8 کا نام دیا گیا ہے اور اسے سمجھنا آسان ہے۔ سب سے پہلے بستر پر سکون سے لیٹ جائیں اور پھر اپنی ناک سے 4 سیکنڈ کے لیے سانس لیں، اس کے بعد 7 سیکنڈ کے لیے سانس روک لیں اور پھر منہ سے 8 سیکنڈ میں آہستگی سے سانس خارج کریں۔ یہ عمل اس وقت تک دہرائیں جب تک نیند نہیں آجاتی اور اکثر اوقات لوگ اسے آزما کر ایک منٹ کے اندر ہی سونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔

دودھ کا استعمال

سونے سے قبل مصالحے والا گرم دودھ پینا بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے، جائفل قدرتی طور پر سکون پہنچاتی ہے۔ اسے کھانے کے دو سے تین گھنٹے بعد پینا چاہئے۔ اسے بنانے کے لیے دو کپ دودھ میں چار سے چھ پسی ہوئی الائچی، آدھا چمچ ہلدی، آدھا چمچ دار چینی، چٹکی بھر ادرک، چٹکی بھر جائفل کو دودھ میں ڈالیں اور پھر اس دودھ کو درمیانی آنچ میں ابال لیں، نیم گرم ہونے پر اسے پی لیں۔

نیند کا مستقل شیڈول بنائیں

نیند کا ایک مستقل شیڈول برقرار رکھیں۔ اگر آپ ہر روز مختلف اوقات میں سوتے ہیں، تو پہلے سونا مشکل ہو سکتا ہے۔ ہر روز ایک ہی وقت میں جاگنے اور سونے سے آپ کے جسم کو ایک معمول بنانے میں مدد ملتی ہے۔ اپنے اس معمول پر عمل پیرا ہوں اور زیادہ تبدیلی نہ لائیں۔ نیند کے اوقات کو اپنی ذمہ داریوں کے مطابق ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔ بہت سے لوگوں کو لگتا ہے کہ دن میں زیادہ سونا، رات کی نیند میں خلل ڈال سکتا ہے۔ اگر آپ جلدی سونے کی کوشش کر رہے ہیں، تو دوپہر یا شام میں زیادہ سونے سے گریز کریں۔

عروج مظہر

شعبہ صحافت، پنجاب یونیورسٹی لاہور

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔