کسی فلم میں آئٹم سانگ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، ایشا گپتا

کلچرل رپورٹر  جمعرات 15 مئ 2014
مہیش بھٹ محسن اور گاڈ فادر ہیں ان کی فلم میں بھی کام کررہی ہوں، اس سے غرض نہیں کہ فلم میں میرے مقابل کون ہیرو ہوگا، ایشا گپتا   فوٹو : فائل

مہیش بھٹ محسن اور گاڈ فادر ہیں ان کی فلم میں بھی کام کررہی ہوں، اس سے غرض نہیں کہ فلم میں میرے مقابل کون ہیرو ہوگا، ایشا گپتا فوٹو : فائل

لاہور: بالی ووڈ اداکارہ ایشا گپتا نے کہا ہے کہ اب میرا کسی فلم میں آئٹم سانگ کرنے کا ارادہ نہیں۔

’’ہمشکلز‘‘ جیسی کامیڈی اور میوزیکل فلم میں گلیمرس کردار میں دیکھ کر پرستار حیران ہوجائینگے، فلم کی زیادہ شوٹنگ لندن میں کی گئی ہے ۔ اس کے ہر سین سے فلم بین لطف اندوز ہونگے، پہلی مرتبہ کامیڈی کرتے ہوئے اچھا لگا۔ اداکارہ نے اپنے ایک انٹرویو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ساجد خان کامیڈی فلمیں بنانے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں، ان کی فلموں کو باکس آفس پر فلم بینوں کی طرف سے رسپانس بھی بہت اچھا ملتا ہے۔ جب مجھے انھوں نے فلم ’’ہمشکلز‘‘ کے لیے کہا تو انکار نہ کرسکی۔

میں بھی چاہ رہی تھی کہ ان کے ساتھ کوئی پراجیکٹ کروں، کیونکہ جانتی تھی کہ ان کی فلم کا موضوع کامیڈی ہی ہوگا۔ اس فلم میں میرے علاوہ اداکارہ ببا شا باسو اور تمنا بھاٹیا ہیں، ہم تینوں کے کردار ایک دوسرے منفرد اور گلیمرس سے بھرپور ہیں۔ پہلی مرتبہ کسی فلم میں گلیمرس اور ماڈرن گرل کا کردار کر رہی ہوں۔ فلم کا میوزک پہلے سے مقبول ہوچکا ہے ان دنوں ’’کالر ٹیون‘‘ مختلف میوزک چارٹس میں سرفہرست جارہا ہے جس جو تمنا بھاٹیا ، ببا شاباسو، رتیش دیش مکھ اور سیف علی خان اور مجھ پر فلمایا گیا ہے۔ اداکارہ نے کہا کہ بالی ووڈ میں نئے رحجانات تیزی کے ساتھ فروغ پار ہے ہیں جس میں ایکشن اور کامیڈی کے سمیت ہر مزاج کی فلمیں بن رہی ہیں، جنھیں پسند بھی کیا جارہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ میں نے بھی کرن جوہر کی فلم ’’گوری تیرے پیار میں‘‘ آئٹم سانگ ’’ دھت تیرے کی‘‘ کیا،مگر اس کے بعد مزید کسی فلم میں آئٹم سانگ کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔ مہیش بھٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ میرے محسن اور گاڈ فادر ہیں کیونکہ بالی وڈ میں انھوں نے ہی متعارف کرواتے ہوئے عمران ہاشمی کے ساتھ فلم ’’جنت ٹو‘‘ میں ہیروئن لیا اس کے بعد ’’راز تھری‘‘ کے لیے بھی میرا انتخاب کیا گیا۔

ان فلموں میں میری پرفارمنس کو سراہا بھی گیا اور باکس آفس پر کامیاب بھی رہیں ۔ ان دنوں بھی وہ ایک نئے پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں جس میں وہ مجھے ہی ہیروئن لینا چاہتے ہیں،اس میں وہ میرے مقابل کس فنکار کو سائن کر رہے ہیں مجھے اس سے کوئی غر ض نہیں کیونکہ اس فلم کی کہانی میرے کردار کے گرد ہی گھومتی ہے۔

یاد رہے اداکارہ ایشیا گپتا کی فلم ’’ہمشکلز‘‘ 20 جون کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے جس کے میوزک ڈائریکٹر ہمیش ریشمیا  ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔